پاکستان اور بھارت دوستی کی جانب بڑھ رہے ہیں
17 مارچ 2021دونوں پڑوسیوں کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کی اقدامات کا یہ پہلا مثبت نتیجہ ہے۔ سات رکنی پاکستانی ٹیم انٹرنیشنل ٹینٹ پیگنگ فیڈریشن ورلڈ کپ چیمپئن شپ مقابلے میں شرکت کے لیے پیر کے روز بھارتی دارالحکومت دہلی پہنچی تھی۔
پاکستان اور بھارت کی افواج کے ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) نے 25 فروری ایک مشترکہ اعلان میں لائن آف کنٹرول اور دیگر سیکٹروں میں جنگ بندی کے معاہدے پر سختی سے عمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔ اس کے بعد سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
'اللہ کا شکر ہے،ہم یہاں پہنچ گئے‘
دہلی کے نواح میں واقع نوئیڈا میں منگل کے روز منعقدہ اس کثیر ملکی ٹینٹ پیگنگ مقابلے میں بھارت نے ٹیم مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کیا جب کہ پاکستان نے انفرادی مقابلے میں طلائی تمغہ جیتا۔
اس مقابلے کا انعقاد بھارتی آرمی کے زیر انتظام ایکویسٹیرین فاؤنڈیشن آف انڈیا اور ایک نجی اسپورٹس کمپنی نے کیا تھا۔ یہ کثیر الملکی مقابلے دہلی کے نواح میں واقع نوئیڈا میں ہورہے ہیں۔ پاکستان ایکویسٹیرین فیڈریشن، پاکستان کے نیم فوجی دستے پنجاب رینجرس کے تحت ہے۔
پاکستانی ٹیم کے سکریٹری جنرل عامر منور نے بھارتی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس مقابلے میں شرکت کرنے کی امیدیں تقریباً ختم ہوگئی تھیں،”ویزا کافی طویل انتظار کے بعد مل سکا۔ میں تو سوچ رہا تھا کہ شاید ہم یہاں نہیں آسکیں گے۔ لیکن اللہ کا شکر ہے کہ ہم یہاں پہنچ گئے۔"
عامر منور نے بتایا کہ آخری مرتبہ وہ سن 2011 میں بھارت آئے تھے۔ اس وقت وہ پاکستانی ٹیم کے کیپٹن کے طور پر آئے تھے جبکہ انہوں نے بھارت میں پہلی مرتبہ سن 1989میں حیدرآباد میں منعقدہ مقابلے میں حصہ لیا تھا اور اس وقت اس مقابلے میں حصہ لینے والے سب سے کم عمر کے کھلاڑی تھے۔
پاکستانی ٹیم کے سکریٹری جنرل عامر منور کا مزید کہنا تھا،”میں جنگ بندی میں یقین رکھتا ہوں۔ میں امن میں یقین رکھتا ہوں۔ ہم کھلاڑی ہیں۔ ہم نے یہاں بہت سے دوست بنائے ہیں۔ ہمارے بھارتی بھائیوں، جی ہاں، میں انہیں بھائی ہی کہتا ہوں، نے یہاں ہمارا بہت خیال رکھا۔"
بھارت گروپ بی کوالیفائنگ مقابلے کی میزبانی کر رہا ہے۔ اس میں بھارت کے علاوہ پاکستان، امریکا، بیلاروس اور نیپال شامل ہیں، جو جنوبی افریقہ میں سن 2023 میں ہونے والے ورلڈ کپ میں اپنی جگہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس گروپ سے چوٹی کی دو ٹیموں کو ورلڈ کپ میں جگہ ملے گی۔
ٹینٹ پیگنگ یا نیزہ بازی گھوڑے پر سوار ہو کرکھیلا جانے والا ایک کھیل ہے، جس میں کھلاڑی کو نیزے کی نوک سے زمین پر رکھے ہوئے کسی ہدف کو نشانہ بنانا یا اٹھانا پڑتا ہے۔ صدیوں پرانا یہ کھیل برصغیر کی دین ہے۔
پاکستان۔ بھارت سندھ کمیشن کی میٹنگ
دریں اثنا بھارت اور پاکستان کے درمیان نئی دہلی میں 23 اور 24 مارچ کو سندھ طاس کمیشن کی میٹنگ ہونے والی ہے۔ اس میں دریائے چناب پر بھارت کی جانب سے متعدد پن بجلی پروجیکٹوں کی تعمیر کے سلسلے میں پاکستان کے اعتراضات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
گوکہ سندھ آبی معاہدے کے چارٹر کے تحت دونوں ملکوں کے آبی کمشنروں کی سال میں کم از کم ایک میٹنگ ضرور ہونی چاہیے تاہم مجوزہ میٹنگ تقریباً ڈھائی برس کے وقفے کے بعد ہورہی ہے۔ پچھلی میٹنگ اگست 2018 ء میں لاہور میں ہوئی تھی۔
جموں و کشمیر کو حاصل خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے اور اسے مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کر دینے کے بعد سے بھارت لداخ میں اب تک کئی پن بجلی پروجیکٹوں کو منظوری دے چکا ہے۔