پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی
20 نومبر 2021پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مطلوبہ ایک سو نو رنز کا ہدف آسانی کے ساتھ اٹھارہویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کر لیا۔ اس میچ کا بہترین کھلاڑی فخر زمان کو ٹھہرایا گیا۔ وہ اس میچ میں اپنی ٹیم کے لیے ناٹ آؤٹ ستاون رنز کی اننگ کھیلنے میں کامیاب رہے۔ تین میچوں کی یہ سیریز مہمان ٹیم نے اب جیت لی ہے۔
دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکا سے دس کلو میٹر کی دوری پر واقع میرپور علاقے میں شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ اسی گراؤنڈ پر ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تمام میچوں کو کھیلا جانا ہے۔ تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل پیر بائیس نومبر کو کھیلا جائے گا۔
بنگلہ دیش کی اننگ
پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کی طرح دوسرے میچ میں بھی میزبان ٹیم کے کپتان محمد اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ دوسرے میچ کی پِچ بھی آسان نہیں تھی۔ بالر گیند کو کنٹرول کرنے میں کامیاب رہے اور بیٹرز کو شارٹس کھیلنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ آج کے میچ میں بال بہت نیچی رہ رہی تھی۔
رضوان کی جلد صحت یابی کسی معجزے سے کم نہيں تھی، بھارتی ڈاکٹر
پہلے میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے حسن علی کو آرام دیا گیا اور شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم میں واپسی ہوئی۔ انہوں نے حسبِ معمول پہلے اوور میں بنگلہ دیشی ٹیم کے افتتاحی بلے باز سیف حسین کو آؤٹ کر دیا۔
اس کے کچھ ہی دیر بعد دوسرے اوپنر محمد نعیم دوسری جانب سے گیند کرانے والے تیز بالر محمد وسیم کا شکار بن گئے۔ ایک طرف پاکستانی بالروں نے معیاری بالنگ کا سلسلہ برقرار رکھا تو دوسری طرف میزبان ٹیم کی وکٹیں بھی وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔
مقررہ بیس اوورز میں بنگلہ دیشی ٹیم سات کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر صرف ایک سو آٹھ رنز بنا سکی۔ شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان دو دو بیٹرز کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم چوبیس برس بعد پاکستان کا دورہ کرے گی
جیت کی اننگ
مہمان ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک مرتبہ پھر جلد آؤٹ ہو گئے لیکن دوسرے اوپنر محمد رضوان اور فخر زمان نے میچ جیتنے کی پچاسی رنز کی شراکت قائم کی۔ رضوان انتالیس رنز بنا سکے۔ فخر زمان نے ستاون رنز کی شاندار ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی اور مین آف دی میچ کا اعزاز اپنے نام کیا۔ اس اننگ میں پاکستانی بلے باز نے تین چھکے اور دو چوکے بھی لگائے۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کی طرح دوسرے میچ کو جیتنے میں پاکستانی ٹیم کو کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ بنگلہ دیشی فیلڈروں کا گزشتہ ماہ کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے کیچ گرانے کا سلسلہ جاری ہے اور ہفتہ بیس جنوری کے میچ میں فخر زمان اور محمد رضوان کے آسان کیچ گرائے گئے۔
پاکستان کی جیت کشمیری طلبہ کے لیے وبال جان بنی ہوئی ہے
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ روزہ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی اور پہلا ٹیسٹ میچ چھجبیس نومبر سے چٹاگانگ شہر میں کھیلا جائے گا۔
ع ح ع ت (اے پی، اے ایف پی)