1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کے متاثرینِ سیلاب میں وبائی امراض پھوٹنے کا خطرہ

30 نومبر 2011

عالمی امدادی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ تین ماہ سے زائد عرصہ گزر جانے کے بعد بھی پاکستان میں لاکھوں سیلاب متاثرین تاحال امداد کے منتظر ہیں اور سیلاب زدہ علاقوں میں صحت عامہ کے بحران کا خطرہ سنگین رخ اختیار کر رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/13JQ5
تصویر: CARE/Thomas Schwarz

پاکستان ہیومینیٹیرین فورم (پی ایچ ایف) کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں حالیہ برس سیلاب سے پچاس لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے نصف تعداد بچوں کی ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ قریب سات لاکھ افراد سیلاب کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں بے گھر ہو چکے ہیں، ساٹھ لاکھ ایکڑ زرعی اراضی تباہ ہوچکی ہے جبکہ تئیس لاکھ ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں بھی سیلابی ریلے کی نذر ہو چکی ہیں۔

Pakistan nach der Flut
سات لاکھ افراد سیلاب کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں بے گھر ہو چکے ہیںتصویر: DW

تباہ کن سیلاب سے متاثرہ لاکھوں افراد کو صاف پانی، صحت عامہ کی سہولیات، خوراک، پناہ گاہوں اور نقد امداد کی فوری ضرورت ہے۔ اس حوالے سے اقوام متحدہ کی جانب سے رواں برس 18 ستمبر کو عالمی برادری سے 357 ملین ڈالرز کی ہنگامی امداد کی اپیل بھی کی گئی تھی، تاہم ابھی تک اس امداد کا صرف 37 فیصد حصہ ہی موصول ہو پایا ہے۔

رپورٹ میں عالمی اداروں کی جانب سے امدادی کاموں میں تاخیر کا سبب حکومت کی ناقص پالیسیوں کو قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ غیر ملکی امدادی کارکنوں کو ویزے جاری کرنے کا عمل سست روی کا شکار رہا ہے جس کے باعث امدادی سرگرمیاں تاخیر کا شکار ہیں۔ اس افسوسناک صورتحال کے نتیجے میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی متعدد امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔

Pakistan Überschwemmung Flutkatastrophe Flüchtlingslager bei Karachi
متاثرہ علاقوں میں متعدد امراض تیزی سے پھیل رہے ہیںتصویر: picture alliance/dpa

عالمی امدادی اداروں کے مطابق ان علاقوں میں ہزاروں کاشت کار موسم سرما کی فصلیں کاشت کرنے کے لیے اب بھی حکومتی تعاون کے منتظر ہیں۔ اس وجہ سے سیلاب سے متاثرہ لاکھوں افراد کو ممکنہ طور پر خوراک کی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس صورتحال کے حوالے سے ایک حکومتی اہلکار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ بیرونی امدادی کارکنوں کو ویزوں کے اجراء کے چند کیسز میں تاخیر ہو سکتی ہے لیکن امدادی کاموں میں رکاوٹ ڈالنا حکومتی پالیسی کا حصہ نہیں ہے۔

پاکستان کو گزشتہ برس بھی ایک تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان ہیومینیٹیرین فورم کی رپورٹ میں حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ سیلاب، خشک سالی یا کسی بھی زلزلے کی صورت میں ہونے والے نقصانات میں کمی لانے کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

رپورٹ: شاہد افراز خان

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں