پاکستانی فوج کی کارروائی، غیر ملکی مغوی بازیاب
12 اکتوبر 2017آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مغویوں میں ایک کینیڈا کا شہری، اس کی امریکی شہریت رکھنے والی اہلیہ اور دو بچے شامل ہیں۔ بیان میں لکھا گیا ہے،’’ انہیں 2012ء میں افغانستان میں دہشت گردوں نے اغوا کر لیا تھا اور وہیں پر انہیں یرغمال بنا کر رکھا ہوا تھا۔‘‘
بازیاب ہونے والی کیتلان کولمن جن کا تعلق امریکی ریاست پینسلوینیا سے ہے اپنے کینیڈین شوہر جوشوا بوئل کے ساتھ پانچ برس قبل افغانستان میں تھیں جب انہیں اغوا کر لیا گیا۔ کولمن اس وقت حاملہ تھیں۔ نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق اغوا ہونے کے بعد طالبان کی قید کے دوران اس جوڑے کے تین بچے ہوئے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حوالے سے جاری ایک بیان میں کہا،’’آج وہ آزاد ہو گئے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت نے پاکستانی حکومت کے ساتھ مل کر بوئل کولمن کو پاکستان سے بازیاب کرا لیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کی جانب سے بھی ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں امریکا کی جانب سے اس کامیاب آپریشن پر پاکستان کی حکومت اور فوج کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں لکھا گیا ہے کہ امریکی خفیہ ایجنسیاں ان افراد کا سراغ لگا رہی تھیں اور انہوں نے 11 اکتوبر 2017 کو پاکستانی فوج کو آگاہ کیا کہ ان افراد کو کرم ایجنسی کے راستے سے پاکستان منتقل کیا گیا ہے۔
انسداد دہشت گردی فوجی آپریشن ’ردالفساد‘ کا ملک بھر میں آغاز
خیبر ایجنسی میں زمینی، فضائی آپریشن: تیرہ دہشت گرد ہلاک
پاکستانی فوج کے میڈیا ونگ کا مزید کہنا ہے کہ امریکی ایجنسیوں کی معلومات کی بنیاد پر کیا گیا آپریشن کامیاب رہا ہے اور بازیاب ہونے والے تمام افراد خیریت سے ہیں اور ان افراد کو واپس ان کے ممالک بھیجا جارہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں لکھا گیا ہے کہ اس آپریشن کی کامیابی صحیح وقت پر معلومات کے تبادلے کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔