1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پی ایس ایل: شاہین آفریدی لاہور قلندرز کی قیادت کے لیے فٹ

12 فروری 2023

پیر تیرہ فروری سے شروع ہونے والی پاکستان سپر لیگ میں قومی ٹیم کے سٹار فاسٹ بولر شاہین آفریدی دوبارہ فٹ ہو جانے کے بعد لاہور قلندرز کی کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے، جسے اس ایڈیشن میں بطور چیمپیئن اپنے اعزاز کا دفاع کرنا ہے۔

https://p.dw.com/p/4NOBa
ICC Men's T20 World Cup - Super 12 - Semi-Final - Pakistan v Australia
تصویر: Hamad Mohammed/REUTERS

شاہین شاہ آفریدی گھٹنے پر لگنے والی چوٹ کے باعث گزشتہ تین ماہ سے کرکٹ نہیں کھیل سکے لیکن اب وہ دوبارہ مکمل طور پر فٹ ہو گئے ہیں اور پی ایس ایل کے 13 فروری سے شروع ہونے والے نئے ایڈیشن میں دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے میدان میں اتریں گے۔

لاہور قلندرز کی ٹیم نے گزشتہ برس پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا فائنل جیتا تھا اور اس وقت بھی اس ٹیم کی قیادت شاہین آفریدی ہی کر رہے تھے۔

اس مرتبہ بھی پاکستان کے اس ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں مختلف فرنچائز ٹیموں کی طرف سے کھیلنے کے لیے کئی مشہور غیر ملکی کرکٹرز حصہ لے رہے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے والی ٹیموں کی تعداد چھ ہے جن میں سے لاہور قلندرز نے پچھلے سال پہلی مرتبہ یہ ٹائٹل جیتا تھا۔ اس کے علاوہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم دو مرتبہ یہ ٹائٹل جیت چکی ہے۔ ان دو کے علاوہ دیگر ٹیمیں ملتان سلطانز، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمے ہیں، جو سب مختلف ایڈیشنز میں ایک ایک مرتبہ پی ایس ایل ٹائٹل جیت چکی ہیں۔

پی ایس ایل کے تیز ترین بولر حارث رؤف سے خصوصی گفتگو

پی ایس ایل میں 'ہیلی کاپٹر شاٹ‘ کے چرچے

شاہین آفریدی نے پاکستان کی طرف سے اپنا پہلا بین الاقوامی کرکٹ میچ 2018ء میں کھیلا تھا۔ اس کے بعد سے لے کر اب تک طویل قد والے اور بائیں بازو سے فاسٹ بولنگ کرنے والے یہ کھلاڑی پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ اسکواڈ کا کلیدی حصہ رہے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی: کرکٹ کا سب سے کماؤ پُوت

شاہین آفریدی کو کرکٹ کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف میچ کے دوران گھٹنے پر چوٹ لگ گئی تھی اور اس کے بعد سے وہ دوبارہ کھیلنے کے قابل ہونے کے لیے مسلسل ایک طویل بحالی پروگرام میں حصہ لیتے رہے ہیں۔

انہی کوششوں کے نتیجے میں وہ دوبارہ فٹ ہو گئے ہیں اور اب پی ایس ایل کے نئے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی قیادت کریں گے۔

م م / ش ر (اے پی)

شاہین شاہ آفریدی مختلف بولر کیوں ہیں؟