1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’پیغمبر اسلام کے خاکوں کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھائیں گے‘

27 اگست 2018

پاکستان نے ہالینڈ میں طے شدہ پیغمبر اسلام کے کارٹون مقابلے کی شدید مذمت کی ہے۔ حالیہ انتخابات میں عمران خان کی کامیابی کے بعد پارلیمان کی طرف سے اس مذمتی قرار داد کی منظوری حکومت کے اولین اقدامات میں سے ایک ہے۔

https://p.dw.com/p/33qnE
Pakistan Imran Khan ist neuer Premierminister
تصویر: Reuters/National Assembly Handou

آج پیر ستائیس اگست کے روز پاکستانی سینیٹ میں  ایک ڈچ سیاستدان کی طرف سے پیغمبر اسلام کے خاکوں کا مقابلہ کروانے کے منصوبے کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔ حلف برداری کے بعد سینیٹ سے اپنے اولین خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ یہ معاملہ اقوام متحدہ تک لے کر جائیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ مغرب میں ایسے کم ہی لوگ ہیں، جو اس طرح کی سرگرمیوں سے مسلمانوں کو پہنچنے والے درد کو سمجھتے ہیں۔

ہالینڈ کے مشہور اسلام مخالف سیاستدان گیرٹ ویلڈرز نے رواں برس کے اواخر میں پیغمبر اسلام کے خاکوں کا ایک مقابلہ کروانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ پاکستان نے رواں ماہ کے شروع میں ہالینڈ کے سفیر کو طلب کرتے ہوئے ان سے احتجاج بھی کیا تھا، جس کے بعد ڈچ حکومت نے اس تقریب سے دوری اختیار کر لی تھی۔

امریکا: اسلام اور پیغمبر اسلام کے اصل پیغامات کی تشہیر کی انوکھی مہم

گزشتہ جمعے کے روز ہالینڈ کے وزیراعظم مارک روٹّے کا ہفتہ وار بریفنگ میں کہنا تھا، ’’ویلڈرز حکومت کا حصہ نہیں ہے اور اس مقابلے سے بھی حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔‘‘

ویلڈر کو ماضی میں بھی اس وقت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب اسلام مخاف ایک فلم بنائی گئی تھی۔ قتل کی دھمکیوں کے بعد ویلڈرز کی سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی تھی۔

سکیورٹی وجوہات پر ڈچ سیاستدان نے سیاسی سرگرمیاں معطل کر دیں

ہالینڈ کے وزیراعظم کا اس مقابلے کے مقاصد پر سوالیہ نشان اٹھاتے ہوئے کہنا تھا، ’’اس کا مقصد اسلام کے حوالے سے بحث نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد اشتعال انگیزی ہے۔‘‘

تاہم ہالینڈ کے وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہالینڈ میں لوگوں کو رائے کی آزادی کا حق حاصل ہے، ’’یہ شخص، گیرٹ ویلڈرز اظہار رائے کی حدوں کو چھونے کے لیے مشہور ہے اور وہ ایسا کرنے میں آزاد ہے۔‘‘ روٹّے کا کہنا تھا، ’’کابینہ یہ واضح کر دینا چاہتی ہے کہ اس مقابلے کو کابینہ کی حمایت حاصل نہیں ہے۔‘‘

اس کے جواب میں ویلڈرز کا ٹویٹ کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’روٹّے اور وزیر خارجہ کے ردعمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم پر وہ حکومت کر رہے ہیں، جنہوں نے اسلام کو گلے لگا رکھا ہے۔‘‘

ا ا / ک م (اے پی)