1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین اور جاپان میں کشیدگی کا نیا دور

20 ستمبر 2010

جاپان کی جانب سے ایک چینی بحری جہاز کے کپتان کو پابند کرنے پر چین نے بطور احتجاج سردست جاپان کے ساتھ تمام اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں اور مذاکرات کے سلسلے کو معطل کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/PGEX
ہانگ کانگ میں جاپان مخالف مظاہرہتصویر: AP

چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق ایک چینی بحری جہاز کی بندش کے بعد چین نے جاپان کے ساتھ تمام وزارتی اور صوبائی سطح کے رابطوں کو معطل کر دیا ہے۔ اس معطلی کے عمل میں کوئلے اور ہوابازی کے شعبوں میں جاری بات چیت بھی شامل ہیں۔ چین کی جانب سے یہ اقدام ایک بحری جہاز کے کپتان کو پابند کرنے کی جاپانی کارروائی تھی اور اس بارے میں کپتان کی بندش کو جاپانی عدالت کی جانب سے توسیع بھی دے دی گئی ہے۔ جاپانی حکام کے مطابق اوکی ناوا کی عدالت کے حکم کے بعد بحری جہاز کا کپتان مزید دس روز تک جاپانی تحویل میں رہے گا۔ چینی بحری جہاز کے کپتان پر الزام ہے کہ اس نے اپنے جہاز کو جاپانی کشتی کے ساتھ ٹکرانے سے بچانے میں غیر ضروری سستی کا مظاہرہ کیا تھا۔ چینی بحری جہاز اور جاپانی کشتی کے درمیان یہ ٹکر دیااویو (Diaoyu) نامی جزیرےکے قریب ہوئی تھی۔ اس کپتان کی رہائی انتیس ستمبر سے قبل ممکن نظر نہیں آ رہی ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق اِس جاپانی عمل سے چین کے ساتھ اس کے تمام قسم کے روابط کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ چین نے جہاز کے کپتان کی حراست کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ چین نے سخت جوابی ردعمل کا بھی عندیہ دیا ہے۔

Flash-Galerie Senkaku Inseln Diaoyu Inseln
چین جاپان کے درمیان متنازعہ سین کاکو جزائر کا ایک جزیرہتصویر: picture-alliance/ dpa

دوسری جانب جاپانی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے میں صبر و تحمل کی ضرورت ہے اور جذباتی بیان بازی بلا جواز ہے۔

چین اور جاپان کے درمیان بحیرہء مشرقی چین کے دو جزائر کی ملکیت کا تنازعہ بھی پرانا ہے۔ سین کاکو (Senkaku) اور دیااویو (Diaoyu) نامی جزائر فی الحال جاپانی تصرف میں ہیں اور یہ علاقہ مچھلیوں کی بہتات کے لئے مشہور ہے۔ چین کا خیال ہے کہ یہ جزائر اس کی جغرافیائی حدود کا حصہ ہیں۔ اسی علاقے سے مچھلیاں پکڑنے والے چینی جہاز کو جاپان نے اپنے قبضے میں لیا تھا۔ بعد میں کپتان کے سوا باقی تمام عملے کو چھوڑ دیا گیا تھا۔ چین اور جاپان کے درمیان بحیرہء مشرقی چین میں تیل اور گیس کی تلاش کا معاملہ بھی باعث نزاع ہے اور اس پر بھی دونوں ملک بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اٹھارہ ستمبر کو دوسری عالمی جنگ کے دوران جاپانی فوجوں کی چینی علاقوں پر جارحیت کے خلاف مختلف چینی شہروں میں احتجاجات کو بھی رپورٹ کیا گیا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں