کائلی جینر کم عمر ترین ارب پتی بننے کی دہلیز پر
12 جولائی 2018بیس سالہ کائلی جینر امریکی ریالٹی پروگرام اسٹار اور کم کارداشیان کی سوتیلی بہن ہیں۔ اُن کی تصویر فوربز میگزین کے اگلے مہینے شائع ہونے والے جریدے کے سرورق پر چھپے گی۔ اُن کی عمر تو محض بیس برس ہے لیکن اُن کی مجموعی دولت کا حجم نو سو ملین ڈالر بتایا گیا ہے۔
یہ بات بزنس اور کاروبار پر نگاہ رکھنے والے معتبر جریدے فوربز نے اپنی اگست کی اشاعت میں رپورٹ کی ہے۔ یہ میگزین جلد ہی بک اسٹالوں پر دستیاب ہو گا۔ فوربز کے مطابق کائلی جینر حقیقت میں اپنی ذاتی کوششوں اور ہمت سے ارب پتی بننے جا رہی ہیں۔
یہ امر بھی اہم ہے کہ اس نوجوان خاتون کو اپنی شناخت کے حوالے سے کئی قسم کی معاشرتی تنقید کا بھی سامنا رہا ہے۔ کائلی جینر کو اپنے چہرے اور جسم کے خد و خال کی پلاسٹک سرجری کے حوالے سے تنقید کا بھی سامنا رہا اور اُن کی فیشن انڈسٹری میں بھرپور شرکت پر پذیرائی بھی کی گئی۔
کائلی جینر نے سن 2016 میں اپنی میک اپ کی مصنوعات کو متعارف کرایا تھا۔ ان مصنوعات کو نوجوان نسل کے ساتھ دوسری خواتین نے بھی بے پناہ پسند کیا۔ اس بھرپور کامیابی نے ان کو میک اپ انڈسٹری میں بھی ایک بڑا مقام دیا ہے۔ اسی باعث کہا گیا ہے کہ وہ ’سیلف میڈ‘ٴ ارب پتی بننے والی ہیں۔
اُن سے پہلے فیس بک کے بانی مارک زکربرگ تیئیس برس کی عمر میں ارب پتی بن گئے تھے۔ اگر کائلی جینر کی دولت میں اضافے کا سلسلہ موجودہ رفتار سے جاری رہا تو وہ اگلے برس اگست تک ارب پتی بن سکتی ہیں۔ کائلی نے فوربز میگزین کے سرورق پر اپنی تصویر چھپنے کی خبروں پر انتہائی مسرت کا اظہار کیا ہے۔
فوربز میگزین کی جانب کائلی جینر کو ’سیلف میڈ‘ ارب پتی قرار دینے پر سوشل میڈیا پر کئی حلقوں نے تنقید بھی کی ہے۔ ان کے مطابق کائلی جدینر کی پرورش انتہائی امیر خاندان اور ماحول میں ہوئی ہے۔ اسی ماحول میں رہتے ہوئے اُنہیں ٹیلی وژن اور ماڈلنگ انڈسٹری تک رسائی میں کسی دقت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
تنقید کرنے والوں میں امریکی کاسمیٹکس کمپنی لوریال کی میڈیا ایڈیٹر شلبی آئیوی کرسٹی بھی شامل ہیں اور اُن کے مطابق کائلی کا بچپن اور بلوغت کے ایام لاکھوں پتی خاندان کے پرتعیش ماحول میں بسر ہوئے ہیں اور اس ماحول سے ارب پتی بننے میں ان کو کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
گزشتہ برس فوربز میگزین نے کائلی جینر کو دنیا کی ایک سو انتہائی اہم بااثر خواتین میں بھی شامل کیا تھا۔ اس فہرست میں یہ مقام حاصل کرنے والی وہ سب سے کم عمر ترین خاتون ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں ایک لڑکی کو بھی جنم دیا ہے۔