1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی نیول ایئربیس پر حملہ، 11 اہلکار ہلاک

22 مئی 2011

کراچی میں واقع ایک نیول ائیر بیس پر دہشت گردوں کے حملے میں ہلاک ہونے والے پاکستانی سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد 11 تک پہنچ گئی ہے۔ پاکستانی حکام کے مطابق حملہ آوروں کے خلاف آپریشن فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11LQR
تصویر: AP

خبررساں ادارے اے ایف پی نے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستان بحریہ کی اس اہم بیس میں دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے مابین جھڑپیں جاری ہیں۔ کراچی رینجرز اور فوج نے اس نیول فوجی اڈے کا محاصرہ کر لیا ہے۔ نیوی حکام کے مطابق دہشت گردوں کے اس حملے اور ان کے خلاف جاری کارروائی کے دوران اب تک پاکستانی سکیورٹی فورسز کے 11 اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔

پاکستانی حکام نے بتایا ہے کہ تازہ دم کمانڈوز صبح کے وقت ایئر نیول بیس میں داخل ہونے میں کامیاب ہو ئے۔ فوج نے سکیورٹی کی بنا پر اس آپریشن کی تفصیل بتانے سے انکار کیا ہے تاہم کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کا محاصرہ کر لیا گیا ہے اور جلد ہی انہیں پسپا کر دیا جائے گا۔

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کراچی حکام کو حکم دیا ہے کہ وہ اس آپریشن کے حوالے سے عسکری اور سول حکام کے ساتھ رابطہ برقرار رکھیں۔ ایسی خبریں بھی موصول ہو رہی ہیں کہ اس کارروائی کے دوران پاکستانی فوج کے گیارہ افسران ہلاک ہو چکے ہیں۔ پاکستانی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو گرفتار یا ہلاک کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

Pakistan Anschlag auf Bus in Karachi
حال ہی میں پاکستان بحریہ کی بسوں کو بھی دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا تھاتصویر: DW

نیوی کے ایک کمانڈر سلمان علی نے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ گیارہ فوجی زخمی ہوئے ہیں اور ان کے سپاہی دہشت گردوں سے لڑ رہے ہیں،’ دہشت گردوں نے پاکستان بحریہ کی PNS مہران بیس پر حملہ کیا ہے۔ ان کے پاس جدید اور خودکار ہتھیار ہیں اور انہوں نے پاکستانی بحریہ کے ایک طیارے کو نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں اسے نقصان پہنچا ہے‘۔

حملہ آوروں کی تعداد کے بارے میں متضاد خبریں موصول ہو رہی ہے۔ پاکستان نیوی کے ایک ترجمان ایئر کموڈور عرفان الحق کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 10 سے 15 تک ہوسکتی ہے۔ پاکستان میں طالبان باغیوں نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ دو مئی کو ایبٹ آباد میں امریکی کمانڈوز کے ایک خفیہ آپریشن کے نتیجے میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد القاعدہ نیٹ ورک نے انتقام لینے کا عہد کیا تھا۔ یہ حملہ اسی سلسلے کی ایک کڑی تصور کیا جا رہا ہے۔

پاکستان کے مقامی ٹیلی وژن چینلوں پر دکھائے جانے والے مناظر کے مطابق نیول بیس میں آگ لگی ہوئی ہے اور وہاں سے شعلے اٹھ رہے ہیں۔ دہشت گردوں کی طرف سے فائرنگ کے نتیجے میں امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ایسی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں کہ دہشت گردوں نے بیس کےاندر موجود کچھ لوگوں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔

رپورٹ: افسراعوان / عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں