1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکا نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو اکیس رنز سے ہرا دیا

مقبول ملک
2 اکتوبر 2017

متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی میں کھیلے گئے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں مہمان سری لنکا کی ٹیم نے میزبان پاکستان کی قومی ٹیم کو پیر دو اکتوبر کے دن اس میچ کے پانچویں اور آخری روز اکیس رنز سے ہرا دیا۔

https://p.dw.com/p/2l6tD
Cricket Sri Lankas Mannschaft
تصویر: Getty Images/AFP/L. Wanniarachchi

آخری دن چوتھی اننگز میں پاکستان کو فتح کے لیے 136 رنز کا ہدف دیا گیا تھا لیکن پاکستان کی پوری ٹیم صرف 114 رنز پر ہی آؤٹ ہو گئی۔ اس میچ میں اسکور یہ رہا: سری لنکا 419 اور 138 رنز، پاکستان 422 اور 114 رنز۔

سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز: پاکستان کی 16 رکنی ٹیم کا اعلان

کھلاڑی جاتے رہتے ہیں اور کرکٹ چلتی رہتی ہے

’آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے پاکستانی دورے کا امکان نہیں‘

پاکستان کی طرف سے اس کی دوسری اننگز کا آغاز کافی برا رہا۔ 136 رنز کے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کی پہلی چار وکٹیں 4، 7، 16 اور 32 رنز پر ہی گر چکی تھیں۔ چائے کے وقفے تک پاکستان کا اسکور صرف 67 رنز تھا اور اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

Flash-Galerie Sri Lanka Cricket
رنگنا ہیراتھتصویر: AP

78 کے مجموعی اسکو رپر جب پاکستان کی چھٹی وکٹ بھی گر گئی تو اس میچ پر سری لنکا کی گرفت انتہائی مضبوط ہو گئی تھی۔ پھر ایک وقت ایسا بھی تھا کہ پاکستان کو یہ میچ جیتنے کے لیے 38 رنز کی ضرورت تھی اور اس کی تین وکٹیں ابھی باقی تھیں۔

لیکن پھر پاکستان کی بیٹنگ لائن کا آخری حصہ بھی سری لنکا کی بولنگ کے سامنے ٹھہر نہ سکا اور پاکستان کی پوری ٹیم صرف 114 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

اس میچ میں سری لنکا کی طرف سے آخری روز چھ وکٹیں حاصل کرنے والے 39 سالہ اسپنر رنگنا ہیراتھ نے اپنی 400 ٹیسٹ وکٹیں بھی پوری کر لیں۔ وہ دنیا کے پہلے لیفٹ آرم اسپن بولر ہیں، جنہوں نے ٹیسٹ میچوں میں چار سو وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔

اس فتح کے بعد سری لنکا کو دو ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ دوسرا ٹیسٹ میچ، جو ایک ڈے اینڈ نائٹ میچ ہو گا، دبئی میں جمعہ چھ اکتوبر سے کھیلا جائے گا۔