1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کشمیر میں عام ہڑتال کا اعلان، بیس افراد ہلاک

2 اپریل 2018

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں ہوئی تازہ خونریز جھڑپوں کے نتیجے میں تین فوجیوں سمیت کم از کم بیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ نئی دہلی حکومت نے مزید تشدد کے پیش نظر سری نگر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/2vMRU
Indien Kämpfe in Kaschmir
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Khan

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بھارتی حکام کے حوالے سے پیر کے دن بتایا ہے کہ بھارتی زیر انتظام کشمیر میں اتوار کے دن شروع ہونے والی ان تازہ جھڑپوں کے نتیجے میں کم ازکم بیس افراد مارے گئے ہیں۔

کشمیر: آٹھ عسکریت پسندوں کی ہلاکت، بھارت مخالف مظاہرے

بھارتی کشمیر میں فائرنگ کے تبادلے میں آٹھ افراد ہلاک

بھارتی زیر انتظام کشمیر: مظاہرے روکنے کے لیے کرفیو نافذ

 

حکام نے بتایا ہے کہ متعدد مقامات پر ہونے والی ان جھڑپوں کے نتیجے میں تین فوجی اور تیرہ مشتبہ جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔ رواں برس کے دوران کشمیر میں رونما ہونے والی ان جھڑپوں کو شدید ترین قرار دیا جا رہا ہے۔

میڈٰیا رپورٹوں کے مطابق سری نگر میں یہ تازہ تشدد اس وقت شروع ہوا، جب بھارتی سکیورٹی فورسز نے حکومت مخالف مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی۔ پولیس کے مطابق یہ مظاہرین بھارت مخالف نعرے بازی کر رہے تھے اور انہوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔ اس تشدد کی وجہ سے کم ازکم چار کشمیری بھی لقمہ اجل بن گئے۔ طبی ذرائع کے مطابق اس تشدد کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

کشمیری باغی گروہوں نے پیر کے دن عام ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔ بالخصوص سری نگر میں سکیورٹی کے پیش نظر پیر کے دن اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ مزید پرتشدد مظاہروں کے پیش نظر وادی بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اتوار کے دن تین مختلف مقامات پر سکیورٹی فورسز نے مبینہ جنگجوؤں کے خلاف کارروائی شروع کی تو مظاہروں کا آغاز ہوا۔

بھارتی حکام کے مطابق اطلاع ملنے پر شوپیاں میں مشتبہ باغیوں کے خلاف کارروائی شروع کی گئی تو جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ پولیس نے بتایا ہے کہ اس لڑائی میں سات مشتبہ باغی اور دو فوجی ہلاک ہوئے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق اس علاقے میں فوجی ہیلی کاپٹر بھی پرواز کرتے نظر آئے۔ بھارتی وزارت خارجہ نے کشمیر میں ہوئے اس تازہ تشدد پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’قابض فورسز کے ان بزدلانہ اعمال کی وجہ سے کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہی ہوں گے‘۔

ع ب / اا / اے ایف پی