کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ، دو پاکستانی شہری ہلاک
26 اکتوبر 2016پاکستانی حکام کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ پاکستان کے صوبہء پنجاب اور بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے درمیان واقع لائن آف کنٹرول یا ’ورکنگ باؤنڈری پر پیش آیا۔ پاکستانی فوج کی جانب سے جاری ایک بیان میں کیا گیا ہے کہ،’’چھپرار سیکٹر میں بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے دو پاکستانی شہری ہلاک ہوئے ہیں۔‘‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فائرنگ سےآٹھ پاکستانی شہری ہلاک بھی ہوئے ہیں۔ فوج کے تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چوبیس اکتوبر بروز پیر کنٹرول لائن پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے زخمی ہونے والا پاکستانی شہری آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پاکستان نے پچیس اور چھبیس اکتوبر کو لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے مبینہ بلا اشتعال فائرنگ پر باکستان میں تعینات بھارتی سفارت کار کو وزارتِ خارجہ بلا کر اس کے خلاف احتجاج کیا ہے۔
پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی فوج کو جنگ بندی کا احترام کرنے اور سرحدی دیہاتوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے سے گریز کرے۔ پاکستانی حکومت نے بھارت سے امن بر قرار رکھنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ خیال رہے کہ جنوبی ایشیا کی دو ہمسایہ لیکن حریف ایٹمی طاقتوں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں گزشتہ ماہ سے کافی اضافہ ہو چکا ہے۔
بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں اُڑی کے مقام پر ایک ملٹری بیس پر کشمیری عسکریت پسندوں کے ایک خونریز حملے کے بعد بھارت نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر ’سرجیکل اسٹرائیکس‘ کی ہیں۔ تاہم پاکستانی حکومت نے اِس بھارتی دعوے کی سختی سے تردید کی تھی۔