1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کے امیر ترین افراد کی دولت وباء کے سبب دوگنی، آکسفیم

17 جنوری 2022

دنیا کے امیر ترین افراد کی دولت میں کورونا وباء کے دوران بھی غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔ دوسری جانب غریبوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور عالمی سطح پر غربت اور سماجی عدم مساوات میں مزید اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/45cdD
ٹیسلا اور اسپیکس ایکس کے مالک ایلن مسک اور ایمیزون کے بانی جیف بیزوس
ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلن مسک اور ایمیزون کے بانی جیف بیزوستصویر: AP/dpa/picture alliance

برطانوی فلاحی تنظیم آکسفیم   نے اپنی تازہ رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا ہے۔ آکسفیم کے مطابق دنیا کے دس امیر ترین افراد  کی مجموعی دولت سات سو بلین امریکی ڈالر سے بڑھ کر ایک اعشاریہ پانچ ٹریلین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

ڈاووس میں عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس سے قبل شائع کی گئی رپورٹ کے مطابق، جہاں دنیا کے دس امیر ترین ارب پتی افراد کی دولت تقریباً دگنی ہو گئی ہے، وہیں غربت میں رہنے والے افراد کے لیے مشکلات بھی بڑھتی جا رہی ہیں اور مزید ایک سو ساٹھ ملین سے زائد افراد غربت میں زندگی بسر کرنے پر مجبور  ہوگئے ہیں۔

'معاشی تشدد کے باعث بڑھتی تفریق‘

عالمی سطح پر غربت کے خلاف سرگرم تنظیم آکسفیم کی رپورٹ میں بڑھتے اقتصادی، صنفی اور نسلی عدم مساوات کے ساتھ ساتھ دنیا کے 'ممالک میں بڑھتی تفریق‘  کی نشاندہی کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مصنفین کے مطابق  یہ اتفاقی طور پر نہیں ہوا بلکہ یہ ایک انتخاب ہے، ''معاشی تشدد اس وقت ہوتا ہے، جب پالیسی کا انتخاب سب سے امیر اور طاقتور لوگوں کے لیے کیا جاتا ہے۔ اس سے ہم سب کا، غریب ترین افراد، خواتین اور لڑکیوں سمیت نسلی امتیاز سے متاثر ہونے والے گروپس کا خاص طور پر نقصان ہوتا ہے۔‘‘

آکسفیم انٹرنیشنل کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر گابریئلا بچر کے بقول، ''کووڈ انیس کی وباء نے لالچ کے محرکات  واضح کر دیے ہیں، جس میں سیاسی اور معاشی مواقع شامل ہیں۔ اس وجہ سے انتہائی عدم مساوات معاشی تشدد کا ایک ذریعہ بن گیا ہے۔‘‘

زکر برگ اور گیٹس کی دولت میں اضافہ

رپورٹ کے مصنفین  نے دنیا بھر کی حکومتوں سے بین الاقوامی کمپنیوں اور امیر ترین افراد پر زیادہ ٹیکس لگانے کی اپیل کی ہے۔  اس کے علاوہ عالمی سطح پر ویکسین کی تقسیم بھی زیادہ مساوی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

دنیا کے امیر ترین افراد کی امریکی جریدے 'فوربس‘  کی تازہ ترین فہرست میں ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلن مسک،  ایمیزون کے جیف بیزوس، گوگل کے بانی لیری پیجز اور سرگئی برن، فیس بک کے بانی مارک زکربرگ، مائیکروسافٹ کے سابق سی ای او بل گیٹس اور اسٹیو بالمر، اوریکل کے سابق سی ای او لیری ایلیسن، امریکی انویسٹر وارن بفے اور فرانسیسی لگژری گروپ ایل وی ایم ایچ کے سربراہ بیرنہارڈ آرنالٹ شامل ہیں۔

ع آ / ا ا (اے پی، اے ایف پی، ڈی پی اے، روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں