1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیا عمران خان مفاہمت کی راہ اپنائیں گے؟

17 مارچ 2023

پی ٹی آئی کی طرف سے مفاہمت کے اشارے دیے جانے کے باوجود ابھی تک اس بارے میں کسی نتیجہ خیز پیش رفت کا انتظار ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق سیاسی کشیدگی میں کمی کے لیے تمام فریقین اوراسٹیبلشمنٹ کو بھی مفاہمت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

https://p.dw.com/p/4OrIE
Pakistan I Imran Khans - Islamabad
تصویر: W.K. Yousafzai/AP/picture alliance

پاکستان کے سیاسی حلقے آج کل اس سوال کا جواب تلاش کر نے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کیا مزاحمتی سیاست پر عمل پیرا ملک کے مقبول ترین سیاسی رہنما عمران خان  اپنے مقاصد کے حصول کے لیے اپنی سیاست میں مفاہمانہ طرز عمل اپنا سکتے ہیں؟

اس سوال کے جواب میں مختلف سیاسی ماہرین مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں اگرچہ پچھلے چوبیس گھنٹوں میں پی ٹی آئی کے رہنماوں کی طرف سے بات چیت کرنے اور مفاہمت کی طرف آنے کے واضح اشارے ملے ہیں لیکن مبصرین کے مطابق یہ بات ابھی تک واضح نہیں  ہے کہ پی ٹی آئی کی طرف سے مشروط طور پر بات چیت کی پیشکش کسی نتیجہ خیز انجام کی طرف بڑھ سکے گی یا نہیں۔

Pakistan Lahore | Unterstützer von Ex-Premierminister Imran Khan blockieren Straße um Verhaftung zu verhindern
لاہور ہائی کورٹ نے جمعہ سترہ فروری کو عمران خان کی حفاظتی ضمانتیں منظور کرلیںتصویر: Aamir Qureshi/FP

مفاہمت کی سیاست

تجزیہ کار مجیب الرحمن شامی کہتے ہیں کہ اس بارے میں حتمی طور پر تو کچھ نہیں کہا جا سکتا صرف دعا اور خواہش ہی کی جا سکتی ہے کہ عمران خان سمیت سارے سیاسی رہنما ملکی مفاد میں مفاہمت پر مبنی رویہ اپنائیں۔ ان کے خیال میں،'' ملک اس وقت شدید بحران میں ہے،آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں ہو رہا اور پاکستان کو سخت شرائط کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ہو سکتا ہے کہ ملک کو درپیش مشکل صورتحال ہی عمران خان اور دوسرے سیاسی جماعتوں کو مفاہمت کی طرف لے آئے۔‘‘

صحافی جاوید فاروقی کا خیال ہے کہ عمران خان مزاحمتی سیاست سے اپنی مقبولیت کا گراف جتنا اونچا لے جا سکتے تھے اتنا اونچا وہ لے جا چکے ہیں اب انہیں اپنی مقبولیت کو انتخابی کامیابی میں ٹرانسلیٹ کرنا ہے اور یہ کام بغیر مفاہمت کے ممکن نہیں ہے۔ تاہم جاوید فاروقی کے خیال میں عمران خان اپنے آپ کو ملک کی سیاسی جماعتوں سے بہت بلند تر سمجھتے ہیں اور وہ صرف اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہی مفاہمت چاہتے ہیں تاکہ انہیں انتخابات میں یکساں موقع مل سکے اور وہ نا اہلی سے بچ سکیں۔

کالم نگار سلمان عابد کا خیال ہے کہ مفاہمت کی سیاست کو اپنانا عمران خان کے اپنے مفاد میں بھی ہے اس لئے پی ٹی آئی نے حکومت کو بات چیت کی پیشکش کی ہے اب بال حکومت کی کورٹ میں ہے۔ اگر عمران اور مریم نواز اپنے اپنے لہجوں کی تلخی کو کچھ کم کر سکیں تو بات آگے بڑھ سکتی ہے۔

Pakistan Ausschreitungen in Lahore
گزشتہ کئی دنوں سے عمران خان کے حامیوں اور پولیس کے جھڑپوں کی وجہ سے لاہور میں زمان پارک کا علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کر رہا ہےتصویر: Arif Ali/AFP

کیا عمران خان کی مفاہمانہ پالیسی کامیاب ہوگی؟

تجزیہ کار مجیب شامی کہتے ہیں کہ سیاست میں کچھ بھی پائیدار نہیں ہوتا عمران خان کے ماضی کو دیکھتے ہوئے ان کی کسی بھی رائے کو حتمی قرار دینا آسان نہیں ہے۔ جاوید فاروقی کا خیال ہے کہ مفاہمت کی طرف آنا عمران خان کی مجبوری ہے وہ ہٹ دھرمی والا رویہ اپنا کر اور ملک کی ایک درجن سے زائد سیاسی جماعتوں کو نظر انداز کرکے اپنی مرضی کے فیصلے نہیں لے سکیں گے۔

انہیں پاکستان کی زمینی حقیقتوں کو دھیان میں رکھنا پڑے گا۔ بعض سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ عمران خان اپنے جن مخالفین کو چور ڈاکو اور پاکستان کے دشمن اور غدار قرار دے چکے ہیں ان سے مفاہمت کی صورت میں ان کے بیانیے کو نقصان پہنچے گا لیکن بعض دوسرے مبصرین کا خیال ہے کہ چوہدری پرویز الہی کی مثال کو دھیان میں رکھا جانا چاہئے۔

مفاہمت کی کوششوں میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار

کالم نگار سلمان عابد کہتے ہیں کہ انہیں لگتا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ملک کے سیاسی عدم استحکام کو تشویش کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے اور اس کی خواہش ہے کہ انتخابات کئی حصوں کی بجائے ایک ہی مرتبہ اکٹھے ہوں اور ملک میں استحکام آئے۔ ''وہ اس سلسلے میں بیک چینل کے ذریعے ان ڈائریکٹ طریقے سے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘

 بعض مبصرین کا ماننا ہے کہ پاکستان تحریک انصٓف جیسی مقبول ترین سیاسی جماعت کو ڈکٹیشن دینا آسان نہیں ہے لیکن جاوید فاروقی سمجھتے ہیں کہ پاکستان جیسے سیاسی ملکوں کے سیاسی نظام میں کسی سیاسی جماعت کی غیر معمولی مقبولیت اس کے لئے مصیبت کا باعث بھی بن جاتی ہے۔ اس سے پہلے کہ اسے قابل قبول سائز میں لایا جائے اس سے مفاہمت کی توقع بے جا نہیں۔

Pakistan ex Premier Imran Khan verlässt das Gericht in Islamabad
عمران خان مسلسل اس خدشے کا اظہار کر رہےہیں کہ ان کی جان کو خطرہ ہےتصویر: Farooq Naeem/AFP

سیاسی مفاہمت نہ ہونے کے نتائج کیا ہوں گے؟

مجیب شامی کہتے ہیں کہ اس سوال کا جواب ہمیں متعدد بار پاکستان کی ماضی کی تاریخ میں مل چکا ہے۔  سیاست دان جب سیاسی مسائل خود نہ حل کر سکیں تو پھر مارشل لا آتا رہا ہے۔ معاملات سول حکمرانوں کے ہاتھ سے نکل جاتے ہیں لیکن ان کے بقول ابھی موجودہ صورتحال میں ملک کا کسی ایسے نتیجے کی طرف آنا بہت مشکل لگتا ہے۔ بدترین ملکی اقتصادی بحران، اور معاشرے میں پائی جانے والی غیرمعمولی تقسیم کے پیش نظر یہی مناسب ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز اپنا کردار ادا کرکے ملک کو محاذ آرائی سے نکالیں اور استحکام کی طرف سفر شروع کریں۔

پاکستان کا مستقبل کا منظر نامہ

مجیب شامی سمجھتے ہیں کہ پاکستان کے لئے خطرات بڑھ رہے ہیں، ''غیریقینی صورتحال ختم ہوتی دکھائی نہیں دے رہی۔ کوئی نہیں جانتا کہ ملک کو معاشی استحکام کب نصیب ہوگا۔ ایسے میں صرف دعا ہی کی جا سکتی ہے کہ سب فریق ملک کے مفاد میں سوچیں اور محاذ آرائی ترک کرکے ملک کو آگے لے جانے کی کوشش کریں۔‘‘

جاوید فاروقی کہتے ہیں کہ اگر سیاسی قوتیں مفاہمت کی طرف نہ آئیں تو پھرملک میں ایسا ماحول نہیں بن سکے گا، جس میں آنے والے دنوں میں ہونے والے سارے الیکشن قابل قبول  ہو سکیں۔ اس لئے پہلے مفاہمت ہوگی پھر الیکشن ہو سکیں گے۔ ان کے خیال میں انہیں یقین نہیں ہے کہ اعلان کردہ دو صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات شیڈول کے مطابق ہو سکیں گے۔

سلمان عابد سمجھتے ہیں، ’’پرابلم صرف ایک ہے کہ کسی طرح حکومت ، اپوزیشن اور اسٹیبلشمنٹ جلد انتخابات کرانے پر راضی ہوجائیں۔‘‘ ان کے مطابق اگر مئی جون میں الیکشن کرانے پر اتفاق ہو جائے تو اس سے بھی حالات میں بہتری آنے کی توقع ہو سکتی ہے۔

گرفتاری آپریشن معطل، زمان پارک میں وقتی خوشیاں