گروس مین کا ایک اور دورہ ، بھارت بھی جائیں گے
29 اپریل 2011مارک گروس مین، رچرڈ ہالبروک کے بعد پاکستان اور افغانستان کے لیے خصوصی امریکی مندوب کےعہدے پر فائز ہونے کے بعد پہلی مرتبہ بھارت جائیں گے۔ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنے اس دورے کے دوران گروس مین علاقائی رہنماؤں کو اس بات کی یقین دہانی کروائیں گے کہ خطے میں قیام امن کے لیے واشنگٹن حکومت کا عزم طویل المدتی ہے۔
گزشتہ برس دسمبر میں رچرڈ ہالبروک کے انتقال کے بعد امریکی صدر باراک اوباما کی انتظامیہ نے مارک گروس مین کو اس اہم عہدے پر فائز کیا تھا۔ 59 سالہ منجھے ہوئے سفارت کار گروس مین، ترکی میں امریکی سفیر کے طور پر بھی فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔ ناقدین کے مطابق انہیں سیاسی امور پر دسترس حاصل ہے۔ امریکی حکام کے مطابق وہ رچرڈ ہالبروک کا بہترین نعم البدل ہیں۔
امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق گروس مین اپنے اس دورے کے دوران اسلام آباد اور کابل کی اعلیٰ سیاسی قیادت کے علاوہ فوجی حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ وہ مقامی میڈیا کے سینئر اہلکاروں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کے سرکردہ نمائندوں سے بھی ملیں گے۔ گروس مین اپنے دورہ پاکستان کے دوران ان اعلیٰ حکومتی اہلکاروں سے خصوصی ملاقات بھی کریں گے، جو پاک امریکہ اسٹریٹیجک مذاکرات کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ اس ملاقات کا مقصد پاک امریکہ اسٹریٹیجک مذاکرات کے اگلے دور کی تیاری کرنا بتایا گیا ہے۔
مارک گروس مین سعودی عرب کے دورے کے دوران ریاض میں اعلیٰ حکومتی اہلکاروں سے ملاقات کریں گے۔ گزشتہ برس فروری میں وکی لیکس کی طرف سے شائع کی گئیں خفیہ معلومات میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ سعودی عرب افغان حکومت اور طالبان عسکریت پسندوں کے مابین ہونے والے مذاکرات میں تعاون فراہم کررہا ہے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: ندیم گِل