1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گوگل: رواں برس کے اختتام تک متعدد شہروں کے تھری ڈی نقشے تیار

7 جون 2012

انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنی گوگل دنیا کا ایک مفصّل ڈیجیٹل نقشہ تیار کرنے کے اپنے پر عزم مگر متنازعہ منصوبے کی تکمیل کے لیے کیمروں سے لیس چھوٹے ہوائی جہازوں کا ایک بیڑا استعمال کر رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/159rr
تصویر: Google

یہ بات کمپنی کے عہدیداروں نے بدھ کو سان فرانسِسکو میں واقع اپنے دفتر میں ہونے والی ایک پریس کانفرنس میں بتائی۔ گوگل رواں برس کے اختتام تک دنیا کے متعدد شہروں کے تھری ڈائمینشنل یا سہ جہتی نقشے جاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

گوگل نے ان شہروں کے نام بتانے سے گریز کیا مگر اپنے اس منصوبے کا عملی مظاہرہ کرتے وقت اُس نے سان فرانسسکو کا ایک تھری ڈی (3D) نقشہ دکھایا جس میں کوئی صارف شہر کے فضائی منظر کو دیکھ سکتا ہے۔

گوگل ارتھ (Google Earth) کے ایک پراڈکٹ منیجر پیٹر بِرچ نے کہا: ’ہم ایک ایسا تصور قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جیسے آپ اپنے ذاتی ہیلی کاپٹر میں پرواز کر رہے ہوں۔‘

گوگل کے انجنئیرنگ شعبے کے سربراہ برائن میک کلینڈن نے بتایا کہ کمپنی ہوائی جہازوں کا ایک بیڑا استعمال کر رہی ہے جو کہ کنٹریکٹرز کی ملکیت ہیں اور وہ انہیں صرف گوگل کی خاطر اڑا رہے ہیں۔

Auto von Google Earth macht Aufnahmen
گوگل کئی برسوں سے ایسی گاڑیوں کو استعمال کر رہی ہے جو دنیا کے مختلف شہروں میں سڑکوں کے مناظر کی تصاویر کھینچتی رہتی ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

رازداری کے مضمرات کے بارے میں کیے گئے ایک سوال کے جواب میں میک کلنڈن نے کہا کہ ایک طویل عرصے سے ہوائی جہازوں سے لی گئی 45 درجے زاویے کی تصاویر استعمال میں ہیں۔

گوگل کا کہنا ہے کہ رواں برس کے اختتام تک وہ متعدد شہروں کے تھری ڈی نقشے تیار کر لے گی جن کی مجموعی آبادی 300 ملین بنتی ہے۔ پہلا تھری ڈی شہری منظر نامہ (cityscape) تو چند ہی ہفتوں میں دستیاب ہو جائے گا۔

گوگل کئی برسوں سے کیمروں سے لیس گاڑیوں کو استعمال کر رہی ہے جو دنیا کے مختلف شہروں میں سڑکوں کے مناظر کی تصاویر کھینچتی رہتی ہیں۔ ان گاڑیوں کے استعمال نے بعض ملکوں میں رازداری کے خدشات پیدا کر دیے ہیں۔

سن 2010 میں گوگل نے اعتراف کیا تھا کہ سڑک کا منظر یا اسٹریٹ ویو لینے والی یہ گاڑیاں سہواﹰ لوگوں کے وائرلیس نیٹ ورکس سے ان کی ای میلز، پاس ورڈز اور دیگر ذاتی معلومات جمع کرتی رہی ہیں۔

Google Earth Reichstag
گوگل رواں برس کے اختتام تک دنیا کے مختلف شہروں کے سہ جہتی نقشے جاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہےتصویر: Google Earth Reichstag

عنقریب فراہم کیے جانے والے شہروں کے تھری ڈی نقشے گوگل ارتھ سافٹ ویئر اپلیکیشن کا حصہ ہوں گے۔ یہ اپلیکیشن ایسے موبائل فونز پر دستیاب ہو گی جو گوگل کا اینڈرائڈ اور ایپل کا آئی او ایس سافٹ ویئر استعمال کرتے ہیں۔

کمپنی نے اینڈرائڈ اسمارٹ فونز کے لیے گوگل میپس کے ایک ایسے ورژن کا بھی اعلان کیا جس سے صارفین انٹرنیٹ رابطے کے بغیر بھی بعض نقشوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

گوگل کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت کیا گیا ہے جب اس کی حریف کمپنی ایپل رواں برس کے اواخر میں اپنی آئی فون اور آئی پیڈ مصنوعات پر گوگل میپس کی جگہ نقشوں کی اپنی ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

(hk/sks (Reuters