1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہائی کورٹ پر حملہ: کیا وکلا قانون سے بالاتر ہیں؟

عبدالستار، اسلام آباد
9 فروری 2021

اسلام آباد ہائی کورٹ پر حملے کے بعد ملک کے کئی حلقوں میں یہ تاثر زور پکڑتا جارہا ہے کہ ملک کی وکلاء برادری ناقابل احتساب ہوتی جارہی ہے اور یہ کہ وہ اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتی ہے۔

https://p.dw.com/p/3p7qF
Pakistan Mordfall Journalist Danial Pearl
تصویر: Waseem Khan/AP Photo/picture alliance

واضح رہے کہ کل پیر کو وکلا کے ایک گروپ نے مبینہ طور پراسلام آباد میں  دفاتر کے انہدام کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے چیف جسٹس اسلام آباد کے دفتر اور ہائی کورٹ کی مختلف جگہوں پر مبینہ طور پر توڑ پھوڑ کی تھی۔ اس واقعے کے خلاف آج اسلام آباد میں ہائی کورٹ اورماتحت عدالتیں بند رہیں جب کہ ہائی کورٹ کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری کھڑی رہی۔کیا پاکستان نے کوئٹہ میں وکلاء کا قتل عام بھلا دیا؟

پاکستان کے چیف جسٹس پریشان

سپریم کورٹ بار ایسویسی ایشن کے صدر لطیف آفریدی ایڈوکیٹ نے اس واقعے کی تحقیقات کی عدالتی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، "پوری وکلا برادری کو اس بات پر تشویش ہے، یہاں تک کہ چیف جسٹس آف سپریم کورٹ بھی اس پر پریشان ہیں اور انہوں نے فون پر مجھ سے اس مسئلے پر بات چیت بھی کی۔

Pakistan Anwälte protestieren in Islamabad
بعض وکلا کا خیال ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ پر حملہ وکلا کمیونٹی کو بدنام کرنے کی سازش ہےتصویر: DW/A. Sattar

میں اس واقعے کی مذمت کرتا ہوں لیکن میں وکلا کے چیمبرز کو بھی گرائے جانے کی مذمت کرتا ہوں۔ سی ڈی اے کو قانون کے مطابق پہلے انہیں نوٹس دینا چاہیے تھا لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔" ان کا مزید کہنا تھا کہ وکلا تنظیموں کو بھی اپنے طور پر تحقیق کرنی چاہیے کہ ایسا واقعہ کیوں رونما ہوا۔قاضی عیسیٰ کے خلاف ریفرنس: وکلا کی ہڑتال اور احتجاج

وکلا کی بدنامی 

ڈیموکریٹک لائرز فورم اسلام آباد کے صدر نثار شاہ کا کہنا ہے کہ یہ حملہ بار کے کسی عہدیدار یا وکیل کی طرف سے نہیں ہوا، "بلکہ کچھ ایسے عناصر ہیں، جنہوں نے وکلا کو بدنام کرنے کے لئے یہ گھٹیا حرکت کی اور ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں لیکن ہم بھول نہیں سکتے کہ کس طرح سی ڈی اے نے غیر قانونی طور پر وکلا کے چیمبرز گرائے، جس میں ان کا لاکھوں کا نقصان ہوا۔ اگر یہ چیمبرز غیر قانونی جگہ پر بھی تھے تو پھر بھی سی ڈی اے کو نوٹس پہلے دینا چاہیے تھا۔"

Pakistan, Anhängerinnen erwarten Nawaz Sharif aus dem Exil
سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس وجیہہ الدین احمد کا کہنا ہے کہ بارکی سیاست میں سیاسی جماعتیں ملوث ہوگئی ہیںتصویر: AP

وکلا کے حملوں میں شدت اور اضافہ

تاہم ملک کے کئی دوسرے حلقے وکلا برادری کی اس دلیل کو مناننے کے لئے تیار نہیں اور ان کے خیال میں وکلا خود قانون کی دھجیاں اڑاتے پھر رہے ہیں اور وہ اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ معروف سیاست دان، سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما اسحاق خاکوانی کا کہنا ہے کہ وکلا نے تمام حدود کو کراس کر دیا ہے۔ "پہلے مجسٹریٹ یا سول جج یا سیشن جج وغیرہ پر حملے ہوتے تھے۔ ایسے بھی واقعات ہوئے ہیں جہاں وکلا نے نہ صرف ججوں پر تشدد کیا ہے بلکہ ایک واقعے میں ایک جج کے کپڑے بھی اتروائے گئے۔ لیکن ان کا روکا نہیں گیا اور نوبت اب ہائی کورٹ تک آگئی۔"

وکالت کے لائسینس کے لیے سخت ضوابط

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر بار کے معیار کو بہتر کرنے کے لئے اقدامات نہیں کئے گئے تو ایسے واقعات اور ہوں گے۔ "وکالت کا لائسینس جاری کرنے کے لئے سخت پیمانے رکھنے چاہیے۔ کئی نام نہاد وکلا صرف ڈگری جیسے تیسے لے آتے ہیں لیکن نہ انہیں قانون پتہ ہے اور نہ وہ پریکٹس کرتے ہیں۔ وہ بار کی سیاست میں ملوث ہوکر ججوں سے من پسند فیصلے کروانے کی کوشش کرتے ہیں، یہ بہت خطرناک رجحان ہے۔"

Pakistan Oberster Gerichtshof in Islamabad
سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس وجیہہ الدین احمد نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں جو ملوث ہو، اسے سخت سزا دی جائےتصویر: Reuters/C. Firouz

بار کی سیاست اور سیاسی جماعتیں

سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس وجیہہ الدین احمد کا کہنا ہے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ لائرز موومنٹ کی کامیابی کے بعد وکلا برادری بہت اوپر چلی گئی ہے۔ "پاکستان کی عدالتی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا۔ بارکی سیاست میں سیاسی جماعتیں ملوث ہوگئی ہیں اور وہاں کے انتخابات عام انتخابات سے بھی بدتر ہوگئے ہیں، جس کی وجہ سے وکلا سیاست زدہ ہوگئے ہیں اور اس طرح کے رویے سامنے آرہے ہیں۔"وکلا اور ڈاکٹروں کے تنازعے کے پیچھے کون ہے؟

انہوں نے مطالبہ کیا کہ جو بھی اس واقعے میں ملوث ہے، اسے سخت سزا دی جائے۔ "اس واقعے کی مکمل جانچ ہونی چاہیے اور جو بھی وکیل اس میں ملوث ہو، اس کو سزا ملنی چاہیے۔ اس بات کو نہیں دیکھنا چاہیے کہ اس کا بار میں کیا عہدہ یا مرتبہ ہے۔"