1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار ہو سکتی ہے، جاپانی حکام

13 مارچ 2011

جاپان میں ایٹمی ری ایکٹرز کو پہنچنے والے شدید نقصان کے بعد کسی ایسی صورتِ حال کو پیدا ہونے سے روکنے کی بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں، جو گزشتہ رُبع صدی میں دُنیا کے بدترین ایٹمی حادثے کی صورت اختیار کر سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/10YOU
تصویر: dapd

جاپان سے موصولہ خبروں کے مطابق اب ایک دوسرے ایٹمی ری ایکٹر میں بھی کولنگ سسٹم نے کام کرنا بند کر دیا ہے۔ جہاں ایک طرف جمعہ کے زلزلے اور اُس کے نتیجے میں ہولناک سونامی لہروں کی تباہ کاریوں کے بعد ممکنہ طور پر زندہ بچ جانے والوں کی تلاش جاری ہے، وہیں زلزلے کے مزید جھٹکوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

جاپانی سرکاری نشریاتی ادارے NHK نے بتایا ہے کہ دَس دَس میٹر بلند سمندری لہروں نے پورے کے پورے قصبوں اور دیہات کو نیست و نابود کر دیا ہے، اِس لیے مرنے والوں کی تعداد 10 ہزار سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب پولیس حکام نے بھی اتوار کو بتایا کہ صرف میاگی کے ایک علاقے میں ہی ہلاکتیں یقینی طور پر دس ہزار سے تجاوز کر جائیں گی۔

ٹوکیو سے شمال کی جانب 240 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع فوکوشیما میں ری ایکٹر نمبر وَن میں دھماکے اور تابکاری شعاعوں کے اخراج کے بعد ہفتہ کو ہزارہا افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اِس ایٹمی بجلی گھر میں فیول راڈز پگھل گئے ہیں اور ری ایکٹر کا جزوی ’مَیلٹ ڈاؤن‘ وقع پذیر ہو چکا ہے۔ ری ایکٹر نمبر تین میں بھی ایسی کسی صورتحال کو پیدا ہونے سے روکنے کے لیے انجینئر سمندری پانی پمپ کر کے اسے ٹھنڈا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس ری ایکٹر میں بھی دھماکے کا خطرہ تو ہے تاہم ری ایکٹر کے مرکزی کنٹینر کو نقصان پہنچنے کا امکان کم بتایا جاتا ہے۔

Fukushima 2011 Atomkatastrophe
متاثرین ہنگامی رہائش گاہوں میں پناہ لیے ہوئے ہیںتصویر: dapd

کمبلوں میں لپٹے اور ہیٹرز کے آس پاس بیٹھے ہزارہا جاپانی شہریوں نے کل دوسری رات ہنگامی رہائش گاہوں میں بسر کی۔ اِس زلزلے کے نتیجے میں میاگی کے علاقے کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے، جس کا ساحلی شہر سینڈائی شدید متاثر ہوا ہے۔ اِس کے ایک اور شدید متاثرہ ساحلی شہر رکوزینٹاکاٹا میں ایک ہزار افراد نے ایک پہاڑی پر واقع اسکول میں پناہ لے رکھی ہے۔

کیوڈو نیوز ایجنسی نے، جس نے پہلے مرنے اور لاپتہ ہونے والوں کی امکانی تعداد دو ہزار بتائی تھی، اب یہ کہا ہے کہ ایک شہر کی تقریباً نصف آبادی یعنی تقریباً دَس ہزار افراد سے ابھی تک کوئی رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں