1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلین اوپن، فیڈرر نے بیسواں گرینڈ سلام ٹائٹل جیت لیا

عاطف بلوچ اے پی، ڈی پی اے
28 جنوری 2018

راجر فیڈرر نے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں مارین چلچ کو شکست دے کر بیسواں گرینڈ سلام ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ چھتیس سالہ فیڈرر نے چھٹی مرتبہ آسٹریلین اوپن جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2reqW
Tennis Australian Open Roger Federer
تصویر: Reuters/I. Kato

اتوار اٹھائیس جنوری کے روز آسٹریلوی شہر میلبورن میں کھیلے گئے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں سوئس کھلاڑی راجر فیڈرر نے پانچ سیٹوں کے مقابلے میں مارین چلچ کو چھ دو، چھ سات، چھ تین، تین چھ اور چھ ایک سے مات دی۔

آسٹریلین اوپن: ووزنیاکی نے چیمپیئن شپ جیت لی

راجر فیڈرر آٹھویں مرتبہ ومبلڈن ٹائٹل جیتنے والے پہلے کھلاڑی

راجر فیڈرر نے اٹھارہواں گرینڈ سلَیم ٹائٹل جیت لیا

تین گھنٹے سے زائد دورانیے کے اس میچ میں کروشیا کے کھلاڑی چلچ نے دفاعی چیمپئن فیڈرر کو سخت مزاحمت دکھائی لیکن فیڈرر کے تجربے کے آگے چلچ آخر کار بے بس ہو گئے۔

Tennis Australian Open Marin Cilic
کروشیا کے کھلاڑی چلچ نے دفاعی چیمپئن فیڈرر کو سخت مزاحمت دکھائیتصویر: Reuters/I. Kato

فیڈرر اور عالمی نمبر چھ چلچ کے مابین یہ نواں میچ تھا۔ چلچ ان میچوں میں سے فیڈرر کو صرف ایک ہی میچ میں شکست دینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ سن دو ہزار چودہ میں چلچ نے یو ایس اوپن کے فائنل میں فیڈرر کو ہرا کر یہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ تب چلچ نے اپنے کیریئر کا پانچواں گرینڈ سلام ٹورنامنٹ جیتا تھا۔ انتیس سالہ چلچ کا یہ پہلا آسٹرین اوپن فائنل تھا۔

میچ کے بعد راجر فیڈرر نے کہا کہ وہ اس کامیابی پر بہت خوش ہیں، ’’میں بہت زیادہ خوش ہوں۔ یہ ناقابل یقین ہے۔ آج کا دن کافی طویل تھا۔ اب مجھے خوشی ہے کہ یہ ختم ہو گیا ہے۔‘‘ انہوں نے چلچ کے کھیل کی تعریف بھی کی اور کہا کہ انہوں نے عمدہ کھیل پیش کیا۔

فیڈرر کا یہ تیسواں گرینڈ سلام فائنل تھا۔ اس میچ سے قبل صرف سرب کھلاڑی نوواک جوکووچ اور آسٹریلین لیجنڈ روئے ایمرسن کو اعزاز حاصل تھا کہ انہوں نے آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل چھ چھ مرتبہ اپنے نام کر رکھا تھا۔ تاہم اب فیڈرر نے اس برس کے پہلے گرینڈ سلام ٹورنامنٹ میں چلچ کو شکست دے کر چھٹی مرتبہ آسٹریلین اوپن جیت کر یہ ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے۔

اس کامیابی کے نتیجے میں فیڈرر اب تک صرف خواتین کھلاڑیوں مارگریٹ کورٹ، سیرینا ولیمز اور اسٹیفی گراف کے ناموں پر ہی مشتمل اس فہرست میں شامل ہو گئے ہیں، جنہوں نے سنگل مقابلوں میں بیس مرتبہ گرینڈ سلام ٹورنامنٹ جیتا ہے۔ فیڈرر کے علاوہ آج تک کوئی مرد کھلاڑی اتنے گرینڈ سلام ٹائٹل نہیں جیت پایا۔ فیڈرر اپنے طویل کیریئر میں مجموعی طور پر آٹھ وملبڈن ٹائٹل، پانچ یو ایس اوپن ٹائٹل، چھ آسٹریلین اوپن ٹائٹل اور ایک فرنچ اوپن ٹائٹل اپنے نام کر چکے ہیں۔