1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: نمبروَن پر مائنز کلب

25 اکتوبر 2010

جرمن قومی فٹ بال لیگ کے نویں میچ ڈےکی تکمیل پر، ایک ہفتہ کے بعد مائنز فٹ بال کلب نے دوبارہ پہلی پوزیشن پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ دوسرے مقام پر ہفتہ کے روز کی ٹاپ ٹیم ڈورٹمنڈ ہے۔

https://p.dw.com/p/Pmaq
تصویر: AP

نویں میچ ڈے کی شروعات جمعہ کو ہوئی لیکن اس کی تکمیل اتوار کو ہوئی۔ اتوار کے تین میچ یقینی طور پر کئی پوزیشنوں میں ردوبدل کی وجہ بنے۔ گزشتہ ہفتے کی ٹاپ ٹیم ڈورٹمنڈ نے اپنا میچ ہوفن ہائیم کے ساتھ ایک ایک گول سے برابر کھیلا اور ایک پوائنٹ حاصل کیا۔ مائنز کلب نے لیورکوزن کو ایک گول سے ہرا کر تین پوائنٹ حاصل کئے۔ اس طرح مائنز کے کل پوائنٹس کی تعداد چوبیس ہو گئی اور دو پوائنٹس کے فرق سے وہ پہلے مقام پر ایک بار پھر فائز ہو گئی ہے۔ اتوار کے روز تیسرے میچ میں اشٹٹ گارٹ کی ٹیم نے سینٹ پاؤلی کو دو گول سے ہرا دیا۔ سینٹ پاؤلی کے تیرہ پوائنٹس ہیں اور وہ دسویں پوزیشن پر ہے۔

گزشتہ روز پوائنٹس ٹیبل کے ریڈ زون میں اشٹٹ گارٹ کی ٹیم بھی تھی لیکن سینٹ پاؤلی کے خلاف کامیابی سے اس کو چودہویں پوزیشن حاصل ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز اس پوزیشن کی ٹیم کائزرزلاؤٹرن ایک درجہ نیچے چلی گئی ہے۔ ریڈ زون میں اب شالکے کے ساتھ مؤنشن گلاڈ باخ اور کولون کی ٹیمیں ہیں۔ ہوفن ہائیم کی پوزیشن گزشتہ روز ساتویں تھی لیکن ڈورٹمنڈ کے ساتھ میچ برابر کھیلنے پر اس کو چوتھا مقام حاصل ہو گیا ہے۔ بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن کی حامل ٹیم ہینوور ہے۔

Fußball 1. Bundesliga 9. Spieltag Borussia Dortmund gegen TSG Hoffenheim Flash-Galerie
ڈورٹمنڈ اور ہوفن ہائیم کے درمیان میچتصویر: AP

نویں میچ ڈے کے پہلے روز بائرن میونخ اور ہیمبرگ کے درمیان میچ برابر رہا، دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں۔ چیمپیئنز لیگ میں کامیابی کے باوجود میونخ کے ریکارڈ ساز کلب کی بنڈس لیگا میں قسمت ابھی تک کھل نہیں سکی۔ پوائنٹس ٹیبل پر بائرن میونخ کی ٹیم نویں میچ ڈے کے مکمل ہونے پر بدستور گیارہویں مقام پر ہے۔ ہیمبرگ کا کلب چھٹی پوزیشن پر ہے۔ میونخ کے کلب کی بہتر کارکردگی نہ دکھانے کی وجہ امکانی طور پر اس کے فرنٹ لائن کھلاڑیوں کی انجری کے باعث عدم دستیابی ہے۔

ہفتہ کو پانچ میچ کھیلے گئے۔ فرینکفرٹ اور شالکے کے کلبوں نے بھی بغیر کسی گول کے میچ برابری پر ختم کیا۔ مؤنشن گلاڈ باخ اور بریمن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ بریمن کی ٹیم نے تین گول سے جیتا۔ اس کامیابی کے بعد بریمن کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر آٹھویں مقام پر چلی گئی ہے۔

نویں میچ ڈے کے بعد مائنز اور ڈورٹمنڈ کی ٹیمیں یورپ کے معتبر فٹ بال کلبوں کے ٹورنامنٹ چیمپیئنز لیگ کے لئے کوالیفائی کر گئی ہیں جبکہ ہینوور، ہوفن ہائیم اور لیورکوزن فٹ بال کلبوں نے ایک اہم ٹورنامنٹ یورپ لیگ کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں