1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جماعت احمدیہ اپنی ویب سائٹ بند کرے، پاکستان

22 جنوری 2021

پاکستان نے امریکا سے چلائی جانے والی جماعت احمدیہ کی اس ویب سائٹ کو بند کرنے کا حکم جاری کر دیا، جو اس مذہبی اقلیت کی تعلیمات کی تبلیغ کرتی ہے۔ پاکستان نے الزام عائد کیا ہے کہ اس ویب سائٹ پر ’توہین آمیز‘ مواد موجود ہے۔

https://p.dw.com/p/3oH3s
پاکستانی پارلیمان نے سن انیس سو چوہتر میں احمدیوں کو اسلام کے دائرے سے خارج کر دیا تھا۔تصویر: Getty Images/AFP/A. Ali

جماعت احمدیہ کی ویب سائٹ Trueislam.com کے منتظم حارث ظفر نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا ہے کہ پاکستان کی ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اس ماہ کے آغاز پر انہیں اور ان کے ساتھی امجد محمود خان کو ایک قانونی نوٹس ارسال کیا تھا، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ اس ویب سائٹ کو بند کر دیا جائے۔ اس ویب سائٹ کے منتظیمین حارث اور امجد دونوں ہی امریکا میں مقیم ہیں اور ان کے رشتہ دار پاکستان میں رہتے ہیں۔

حارث نے کہا ہے کہ پاکستانی حکام کی طرف سے اس ویب سائٹ کو بند کرنے کا مطالبہ مذہبی آزادی اور آزادی رائے کے خلاف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ویب سائٹ پر موجود تمام مواد امریکا سے متعلق ہے اور اس ویب سائٹ پر پاکستان سے متعلق کوئی مواد موجود نہیں ہے۔ پاکستان سے اس ویب سائٹ تک رسائی بھی حاصل نہیں کی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان میں احمدی ڈاکٹر کا قتل: ’نوجوان قاتل کو شدت پسندی کس نے سکھائی‘

پاکستان کے متعلقہ حکام نے اس موضوع سے منسلک ایسوسی ایٹڈ پریس کی طرف سے پوچھے گئے سوالات کا جواب نہیں دیا ہے۔

پورٹ لینڈ کے رہائشی حارث نے کہا ہے کہ پاکستانی حکام نے انہیں دھمکی دی ہے کہ اگر یہ ویب سائٹ بند نہ کی گئی تو انہیں تین اعشاریہ ایک ملین ڈالرز کا جرمانا کیا جا سکتا ہے اور ساتھ ہی پاکستان میں ان کے خلاف 'توہین اسلام‘ سے متعلق قوانین کے تحت مقدمہ بھی چلایا جا سکتا ہے۔

پاکستان میں 'توہین اسلام و رسالت‘ ایک حساس موضوع ہے جبکہ توہین رسالت کا الزام ثابت ہو جانے پر سزائے موت بھی سنائی جا سکتی ہے۔ پاکستانی اور بین الاقوامی سطح پر فعال انسانی حقوق کے کارکنان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ان متنازعہ قوانین کا غلط استعمال بھی کیا جاتا ہے اور لوگ بالخصوص اقلیتی افراد کے خلاف ان الزامات کو اس لیے بھی عائد کرتے ہیں کیونکہ وہ اپنی ذاتی دشمنیاں نکالنا چاہتے ہیں۔

پاکستانی پارلیمان نے سن انیس سو چوہتر میں احمدیوں کو اسلام کے دائرے سے خارج کر دیا تھا۔ تب سے اب تک پاکستان میں اس اقلیت کو انتہا پسندوں کی طرف سے نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ پاکستان میں اگر کوئی احمدی خود کو مسلمان قرار دے تو اسے دس سال کی قید بھی سنائی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ’بلا وجہ تبصروں سے گریز کریں‘، احمدیہ کمیونٹی پاکستان

پاکستان میں جماعت احمدیہ کو تبلیغ کی اجازت نہیں ہے جبکہ وہ اپنا مذہبی مواد تقسیم بھی نہیں کر سکتے۔ اگرچہ حارث ظفر اور امجد خان دونوں ہی امریکا میں پیدا ہوئے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان اور دیگر ممالک میں جماعت احمدیہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے استحصال کے خلاف فعال ہیں۔

جماعت احمدیہ کی بنیاد برصغیر ہند میں انیسویں صدی میں مرزا غلام احمد نے رکھی تھی۔ ان کے ماننے والوں کا یقین ہے کہ مرزا غلام احمد دراصل ایک ایسے مسیحا ہیں، جن کے ظہور کا وعدہ پیغمبر اسلام نے خود کیا تھا۔ تاہم مسلمان اس دعوے کو رد کرتے ہوئے اس توہین اسلام کی زمرے میں لاتے ہیں۔

ع ب / ع ا / اے پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید