عراق سے طے شدہ امریکی فوجیوں کا انخلاء دو ہفتے قبل ہی مکمل
19 اگست 2010ایک سینیئر امریکی اہلکار کا اس سلسلہ میں کہنا تھا، ’’ہم نے عراق میں موجود امریکی افواج کی تعداد کم کرکے 50 ہزار کر دی ہے تاہم یہ بات واضح رہنی چاہئے کہ ابھی وہاں جنگی آپریشن کا خاتمہ نہیں کیا گیا اور یہ طے شدہ پروگرام کے مطابق 31 اگست کو ہی ختم ہوگا، جب وہاں موجود باقی ماندہ لڑاکا فوج اپنا جنگی آپریشن ختم کرکے دیگر امدادی کاموں میں مصروف ہوجائے گی۔‘‘
اس سے قبل این بی سی نیوز نے خبر دی تھی کہ امریکی جنگی یونٹ کی آخری گاڑیاں آج کویت واپس چلی جائیں گی اور اس طرح عراق میں جنگی آپریشنز میں شرکت کرنے والا آخری امریکی فوجی دستہ آج جمعرات کے روز ملک سے رخصت ہوجائے گا۔ اس طرح سابق عراقی صدر صدام حسین کی آمرانہ حکومت کے خلاف شروع کئے جانے والے آپریشن کے سات برس بعد آج یہ واپسی مکمل ہوجائے گی۔
تاہم امریکی انتظامیہ کے اہلکار کے مطابق این بی سی کی رپورٹ قبل از وقت تھی۔ مزید یہ کہ امریکہ کی طرف سے کبھی نہیں کہا گیا کہ عراق میں فوج کی تعداد 50 ہزار تک لانے کے لئے 31 اگست 2010ء کا انتظار کیا جائے گا۔
سرکاری طور پر تو امریکی جنگی آپریشن 31 اگست کو ختم ہونا ہے تاہم تربیت، انتظامی اور دیگر امور کے لئے 50 ہزار امریکی فوجی اگلے برس کے اختتام تک عراق میں تعینات رہیں گے۔
رپورٹ : افسر اعوان
ادارت : عاطف توقیر