فارمولا ون، سباستیان فیٹل کی ایک اور کامیابی
30 جولائی 2017خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بتایا ہے کہ اتوار کے دن ہنگری میں ہونے والی فارمولا ون گراں پری میں جرمن ڈرائیوار سباستیان فیٹل نے انتہائی عمدہ کارکردگی دکھائی۔ پول پوزیشن سے ریس شروع کرنے والے فیراری کے ڈرائیور فیٹل نے اس ریس میں کامیابی کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مستحکم بنا لی ہے۔
چائنیز گراں پری، ہیملٹن نے بدلہ چکا دیا
فارمولا ون سیزن شروع: آسٹریلین گراں پری ریس فیٹل کے نام
بوڈا پیسٹ میں منعقد ہونے والی ہنگیرئین گراں پری میں فتح کے نتیجے میں فیٹل کے پوائنٹس اب 202 ہو گئے ہیں۔ یوں انہیں اپنے حریف برطانوی ڈرائیوار لوئیس ہیملٹن پر چودہ پوائنٹس کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ مرسیڈیز ٹیم کے ڈرائیوار ہیملٹن کے پوائنٹس 188 بنتے ہیں۔ یہ دونوں ڈرائیوار ہی اس سیزن میں چار چار مرتبہ فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
فیراری ٹیم کے لیے فیٹل کی یہ 50 ویں ریس تھی جبکہ سن دو ہزار چار کے بعد پہلی مرتبہ فیراری ٹیم کے دونوں ڈرائیوار پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
ہنگیرئین گراں پری میں دوسرے نمبر پر فیٹل کے ساتھی ڈرائیوار کیمی رائیکونین رہے جب کہ مرسیڈیز ٹیم کے ڈرائیور والٹیری بوٹاس تیسرے نمبر پر رہے۔ اس سیزن میں بوٹاس دو مرتبہ ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ ان کے پوائنٹس 169 بنتے ہیں اور وہ مجموعی طور پر پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
اس سال چیمپئن کا اعزاز حاصل کون کرے گا، اس حوالے سے ہیملٹن اور سباستیان فیٹل کے مابین سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ گراں پری کے سلسلے میں ایک ریس جیتنے والے ڈرائیور کو پچیس پوائنٹس ملتے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والے کو اٹھارہ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ڈرائیور کو پندرہ پوائنٹس دیے جاتے ہیں۔