1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’لیلٰی‘ کی شدید بارش اور طوفانی ہوائیں

20 مئی 2010

بھارت میں محکمہء موسمیات نے بتایا ہے کہ ’لیلٰی‘ نامی سمندری طوفان اپنی شدید بارش اور 155 کلومیٹر گھنٹہ کی رفتار والی ہواؤں کے ساتھ آج جمعرات کو بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ساحلوں سے ٹکرانے والا ہے۔

https://p.dw.com/p/NSJP
تصویر: AP

خلیج بنگال میں مسلسل شدت اختیار کرنے والے اِس طوفان کے باعث ممکنہ تباہی کے ڈر سے بھارت کے جنوبی ساحلوں پر واقع علاقوں سے پچاس ہزار سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

قدرتی آفات میں مدد دینے والے قومی اداروں کی ٹیمیں ساحلی علاقوں میں ہر قسم کے حالات کے لئے تیار بیٹھی ہیں۔ شدید طوفانی موسم، آسمانی بجلی اور تیز ہواؤں کے سبب گزشتہ چند روز کے دوران پہلے ہی کم از کم دَس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ 1996ء میں اِسی طرح کے ایک طوفان کے باعث آندھرا پردیش میں ایک ہزار چھ سو سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

Ölförderung in Indien
اِسی طوفان کے ڈر سے جنوبی بھارت کی ایک آئل فیلڈ کو بند کیا جانا پڑا ہےتصویر: AP

اِسی طوفان کے ڈر سے جنوبی بھارت کی ایک آئل فیلڈ کو بند کیا جانا پڑا ہے۔ ریلائنس انڈسٹریز کے ذرائع کے مطابق اُنہیں اپنی تیل اور گیس کی پیداوار میں دَس فیصد کمی کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ آندھرا پردیش کے ساحلوں سے ٹکرانے کے بعد یہ طوفان اُڑیسہ کا رُخ کرے گا تاہم لوہے کی برآمدات کے لئے اہم بندرگاہ پردیپ پورٹ تک پہنچتے پہنچتے اِس کی قوت کافی حد تک کم ہو جائے گی۔ پردیپ پورٹ کے ایک سرکردہ عہدیدار جی کے بِسوال نے بتایا کہ اگرچہ اِس طوفان کے نتیجے میں پورٹ کی سرگرمیوں میں کسی بڑے خلل کا امکان نہیں ہے تاہم پورٹ کے حکام ہر طرح کی صورتِ حال کے لئے تیار اور چوکس ہیں۔

’لیلٰی‘ کی طوفانی ہوائیں مون سون کے اُس قدرتی عمل کی رفتار کو بھی سست بنا سکتی ہیں، جو بھارت کی ٹرلین ڈالر کے حجم کی حامل معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ گزشتہ سال بھی یہ عمل خلل کا شکار ہوا، جس کے باعث غالباً غذائی پیداوار بھی کم رہی اور اَشیائے خوراک کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافہ مشتعل عوام کو سڑکوں پر بھی لے آیا۔ کچھ ماہرین نے ایک سمندری طوفان کو زرعی اجناس کی پیداوار میں کمی کی وجہ قرار دیا تھا۔ یہ اور بات ہے کہ سائنسدانوں میں مون سون کی بارشوں پر سمندری طوفانوں کے اثرات کے بارے میں اختلافِ رائے پایا جاتا ہے۔

BdT Reis in Indien
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ موسلا دھار بارشیں آئندہ مہینے بوئی جانے والی چاول کی فصل کے لئے بے حد مددگار ثابت ہوں گیتصویر: AP

اِس سال مون سون کی بارشیں پیر، سترہ مئی کو یعنی مقرر ہ سالانہ شیڈول سے تین روز پہلے ہی بھارت کے انڈیمان اور نیکوبار جزائر کے ساتھ ساتھ خلیج بنگال کے بہت سے حصوں میں بھی پہنچ چکی ہیں۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ موسلا دھار بارشیں آئندہ مہینے بوئی جانے والی چاول کی فصل کے لئے بے حد مددگار ثابت ہوں گی کیونکہ اِن کے نتیجے میں زمین زیادہ نَم ہو جائے گی اور اُس میں ہل چلانا آسان ہو جائے گا۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید