ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ کی جانب سے ریکارڈز کی بھرمار
27 اکتوبر 2022آسٹریلیا کے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے سپر 12 مرحلے کے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے۔ اس کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم صرف 101 بناکر سترویں اوور میں آل آؤٹ ہوگئی۔
کونسے ریکارڈ قائم کیے گئے؟
جنوبی افریقہ کی جانب سے بائیں بازو کے بلے باز رائلی روسو نے آٹھ چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 56 گیندوں پر 109 کا سب سے زیادہ اسکور بنایا۔ واضح رہے آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022ء میں کسی بھی بلے باز کی یہ پہلی سنچری ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں کسی بھی بلے باز کا یہ پانچواں بڑا انفرادی اسکور ہے۔
روسو اور وکٹ کیپر بیٹر کوئنٹن ڈی کوک کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 168 رنز کی ریکارڈ شراکت داری ہوئی۔ اس سے قبل سری لنکا کے بلے باز ماہیلا جے وردینا اور کمار سنگاکارا نے سن 2010 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 166 رنز کی دوسری بڑی پارٹنرشپ کی تھی۔ ڈی کوک نے 38 گیندوں پر 63 رنز اسکور کیے۔
بنگلہ دیش بڑے ہدف کا تعاقب نہیں کرسکی
دو سو پانچ رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور لٹن داس نے 34 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ دیگر بلے بازوں میں سے کوئی بھی بیٹر پندرہ رنز سے زیادہ نہیں بناسکا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم کل101 رنز کے ٹوٹل پر آل آؤٹ ہوگئی۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے فاسٹ بولر آرچے نورٹیے نے صرف دس رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ بائیں بازو کے چائنہ مین اسپنر تبریز شمسی نے بیس رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
گروپ ٹو میں بنگلہ دیش نے اپنا پہلا میچ نیدرلینڈز کے خلاف نو وکٹوں سے جیتا تھا۔ یاد رہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مقابلوں میں بنگلہ دیش کبھی بھی جنوبی افریقہ کو شکست نہیں دے سکا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان عالمی کپ میں اب تک سات میچز کھیلے گئے ہیں اور بنگلہ دیش کو تمام میچوں میں ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے درمیان ہوبارٹ کے میدان میں پیر کے روز کھیلے جانے والا میچ بارش کی نظر ہوگیا تھا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک پوائنٹ ملا تھا۔
ع آ / ر ب (اے ایف پی)