1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی نائب صدر جو بائڈن اسلام آباد پہنچ گئے

12 جنوری 2011

ایک امریکی اہلکار کے مطابق نائب صدر کے دورے کا مقصد پاکستان کی اعلیٰ سیاسی اور فوجی قیادت کے ساتھ انسداد دہشت گردی کے معاملات پر گفتگو کرنا ہے۔

https://p.dw.com/p/zwYF
امریکی نائب صدر جوزف بائڈن راولپنڈی کے فوجی ہوائی اڈے پرتصویر: AP

امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کواپنا انتہائی اہم اتحادی قرار دیتا ہے، تاہم دوسری جانب امریکی انتظامیہ کی جانب سے افغان سرحد سے ملحق قبائلی علاقوں میں القاعدہ اور طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف پاکستان سے 'مزید کارروائی' کے مطالبات سامنے آتے رہتے ہیں۔

امریکی اہلکار کے مطابق، " پاکستان میں جو بائڈن صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کی بہتری کے علاوہ اس موضوع پر بھی بات چیت کی جائے گی کہ دونوں ممالک مل کر کیسے علاقائی امن استحکام کو بہتر بنا سکتے ہیں۔" اہلکار نے مزید بتایا کہ نائب امریکی صدر اپنے دورے کے دوران اعلیٰ پاکستانی فوجی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے جس میں دہشت گردی اور عسکریت پسندی سے نٹمنے کے لیے کی جانے والی مشترکہ کوششیں زیرگفتگو رہیں گی۔

Pakistan Präsident Asif Ali Zardari
جو بائڈن پاکستانی صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کریں گے۔تصویر: Abdul Sabooh

جوبائڈن افغان دارالحکومت کابل سے اسلام آباد پہنچے ہیں، جہاں انہوں نے صدر حامد کرزئی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بین الاقوامی امدادی فوج میں شامل امریکی دستوں کی افغانستان میں موجودگی کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔

امریکی نائب صدر کا یہ دورہ صدر آصف علی زرداری کے دورہ واشنگٹن سے ایک ہفتہ قبل ہوا ہے۔ اسلام آباد حکام کے مطابق صدر زرداری امریکی اعلیٰ قیادت سے پاکستان میں جاری سیاسی بحران پر بھی بات چیت کریں گے جو ملک میں ان کی حکومت کے لیے خطرہ بنا ہوا ہے۔

صدر زرداری افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکہ کے سابق خصوصی ایلچی رچرڈ ہالبروک کی آخری رسومات میں بھی شرکت کریں گے۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں