ایشیا کپ کی میزبانی منسوخ ہوئی تو ورلڈ کپ کا بائیکاٹ، سیٹھی
15 مئی 2023پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پیر 15 مئی کے روز نیوز ایجنسی روئٹرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے ایشیا کپ مقابلوں کے لیے پاکستان کی میزبانی ایک طے شدہ بات ہے اور اگر یہ حقوق منسوخ کر دیے گئے، تو اس بات کا 'بہت حقیقی امکان‘ موجود ہے کہ پاکستان بھارت میں رواں برس ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ مقابلوں کا بائیکاٹ کر دے گا۔
پاکستان اور بھارت صرف دو ہمسایہ اور آپس میں روایتی حریف ممالک ہی نہیں بلکہ ان کے مابین بہت کشیدہ سیاسی تعلقات نے دوطرفہ بنیادوں پر کھیلی جانے والی کرکٹ کو بھی بہت نقصان پہنچایا ہے۔
سری لنکا میں گالے ٹیسٹ میں آئرش ٹیم کی آج تک کی بدترین شکست
دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ کرکٹ مقابلے گزشتہ تقریباﹰ ایک عشرے سے بند ہیں جبکہ کثیرالملکی کرکٹ مقابلوں میں بھی دونوں ملکوں کی ٹیموں کے ایک دوسرے کے ساتھ میچ کسی تیسرے اور غیر جانب دار ملک میں ہی ہوتے ہیں۔
بھارت کا پاکستان جانے سے انکار
کرکٹ کا ایشیا کپ ٹورنامنٹ اس سال ستمبر میں پاکستان میں کھیلا جائے گا۔ لیکن ہمسایہ ملک بھارت کے کرکٹ بورڈ نے سلامتی کے خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات کو خارج از امکان قرار دے رکھا ہے کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کے لیے پاکستان جائے گی۔
افغان کپتان کا پاکستان کے خلاف پہلی فتح پر مسرت کا اظہار
اس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی طرف سے یہ پیشکش بھی کر رکھی ہے کہ وہ ایشیا کپ کی میزبانی میں ایک 'ہائبرڈ ماڈل‘ بھی اپنا سکتا ہے اور بھارتی ٹیم اگر چاہے تو اپنے ایشیا کپ کے میچ متحدہ عرب امارات میں بھی کھیل سکتی ہے۔
پی سی بی کی بھارت کو کی گئی اس پیشکش پر بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے ابھی تک کوئی باضابطہ ردعمل ظاہر نہیں کیا۔
پی سی بی کا دعویٰ
بی سی سی آئی کی طرف سے پی سی بی کو ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کے میچوں کے لیے مقام کے حوالے سے کی جانے والی پیشکش پر تاحال کوئی جواب نہ دیے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اب کہا ہے کہ بھارت چاہتا ہے کہ پورے ایشیا کپ کا انعقاد ہی پاکستان سے باہر منتقل کر دیا جائے۔
کرکٹ ایشیا کپ: بھارتی ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی
نجم سیٹھجی نے روئٹرز کو بتایا کہ ایسے کسی بھی ممکنہ اقدام کے 50 اوورز والے ون ڈے میچوں کے اسی سال بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ ٹورنامنٹ اور 2025ء میں پاکستان میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی تک پر بھی بہت منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے کہا، ''وہ (بھارتی کرکٹ حکام) چاہتے ہیں کہ تمام میچ کسی نیوٹرل مقام پر کھیلے جائیں۔ بی سی سی آئی کو اس بارے میں کوئی بہتر اور منطقی فیصلہ کرنا چاہیے اور ایسی صورت میں ہمیں بھی ایسے کسی فیصلے پر عمل کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔‘‘
بھارتی مزدور کی بیٹی اب ویمنز کرکٹ پریمیئر لیگ میں کھیلیں گی
نجم سیٹھی کے الفاظ میں، ''بھارت کو کسی ایسی صورت حال کی طرف نہیں دیکھنا چاہیے، جہاں ہمیں ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کرنا پڑے اور بھارت کو آئندہ چیمپیئنز ٹرافی کا بائیکاٹ کرنا پڑے۔‘‘
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے مزید کہا، ''ایشیا کپ کی پاکستان سے کہیں اور منتقلی ناقابل قبول ہو گی اور اگر ایسا ہوا تو پاکستان ورلڈ کپ کا بائیکاٹ بھی کر سکتا ہے۔‘‘
م م / ا ا (روئٹرز)