1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بائیکاٹ کی افواہیں: پی ٹی آئی کی سخت تردید

عبدالستار، اسلام آباد
29 جنوری 2024

پاکستان تحریک انصاف نے ان افواہوں کی سخت تردید کی ہے جن کے مطابق پارٹی انتخابات کا بائیکاٹ کرنا چاہتی ہے یا ارادہ رکھتی ہے۔ پارٹی نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایسی خبروں کو فیک نیوز قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4bnev
Pakistan Wahlen 2024 Lahore
تصویر: Tanveer Shahzad/DW

واضح رہے کہ کچھ دنوں پہلے سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد کچھ حلقوں میں چہ میگوئیاں ہورہی تھیں کہ پاکستان تحریک انصاف بھی  انتخابات کا بائیکاٹ کر رہی ہے۔ تاہم پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ زور و شور سے انتخابات کی تیاری کر رہے ہیں۔

 بائیکاٹ کسی صورت نہیں

پارٹی کے ایک رہنما اور عمران خان کے معتمد خاص فیصل شیر جان نے ان خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''کسی بھی صورت میں بائیکاٹ کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ چاہے ہم پر جتنا ہی جبر کیا جائے، جتنی بھی گرفتاریاں کی جائیں، جتنے ہی مقدمات بنائے جائیں ہم  انتخابات  کا بائیکاٹ نہیں کریں گے بلکہ ہم اس کی بھرپور تیاری کریں گے اور اس سرگرمی میں حصہ لیں گے۔‘‘

انتخابات میں روایتی گہما گہمی کیوں نہیں؟

پاکستان  تحریک انصاف کے ایک اور رہنما اور کے پی کے سابق صوبائی وزیر صحت تیمور خان جھگڑا کا کہنا ہے کہ پارٹی کسی بھی صورت میں انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، '' قومی اسمبلی کے حلقہ 31 اور صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا کے حلقے 79 میں پی ٹی آئی کے مخالفین کو اتنا خوف ہے کہ وہ اب ہمارے پوسٹرز پھاڑ رہے ہیں کیونکہ بلا چھیننے کے باوجود ان کو یہ نظر آ رہا ہے کہ پی ٹی آئی جیتے گی اور ان کے مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہوں گی۔‘‘

Pakistan Karachi 2013 | Anhänger von Imran Khan installieren riesigen Schlägersymbol für PTI
پی ٹی آئی کا انتخابی نشان چھینا جا چُکا ہےتصویر: Athar Hussain/REUTERS

تیمور خان جھگڑا کے مطابق ہمارے خلاف مختلف ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ''لیکن ہم کسی صورت میں بھی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کریں گے۔‘‘

ایک سو سولہ نشستوں پر نظر

فیصل شیر جان کے مطابق بائیکاٹ کی خبروں کے برعکس پارٹی قومی اسمبلی کی تقریباً 116 نشستیں حاصل کرنے کی امید کر رہی ہے۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''ہم 149 نشستوں کو حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن انتخابی نشان چھننے کے بعد اب ہماری توجہ 116 سیٹوں پر ہے۔ ہمیں امید ہے کہ خیبر پختونخوا سے  پچاسی فیصد نشستیں، سندھ سے تقریباً بیس نشستیں، جس میں کراچی سے  16 نشستیں بھی شامل ہیں جبکہ بلوچستان میں بھی کچھ نشستیں ہمیں مل جائیں گی۔‘‘

فیصل شیر جان نے دعویٰ کیا کہ اس کے علاوہ پنجاب میں بھی انہیں بھاری ووٹوں سے کامیابی ہوگی۔ ''ہماری کوشش ہے کہ ٹرن آوٹ کم از کم 55 فیصد رہے اور انتخابی فہرستوں میں 23 ملین نوجوان ووٹروں کے اندراج کے بعد ہمیں امید ہے کہ ہمیں بڑے پیمانے پہ ووٹ ملیں گے۔‘‘

Pakistan Islamabad Fahrzeug von PM Shehbaz Sharif vor Parlament
اسلام آباد سمیت تمام بڑے شہروں میں بہت زیادہ ہلچل نظر آ رہی تصویر: Anjum Naveed/AP/picture alliance

بائیکاٹ کا دباؤ ہے

اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی صحافی فوزیہ کلثوم رانا کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پر یقیناً بہت دباؤ ہے کہ وہ انتخابات کا بائیکاٹ کرے۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''طاقتور حلقوں کی طرف سے یقینا دباؤ ہے کہ پی ٹی آئی انتخابات سے بائیکاٹ کرے کیونکہ انہیں نظر آرہا ہے کہ خوف کے بت ٹوٹے ہیں اور لوگ کل بڑی تعداد میں نکلے ہیں۔ قوی امکان یہ ہے کہ آٹھ فروری کو بھی لوگ بڑی تعداد میں نکل کر پی ٹی آئی کو ووٹ دیں اور ٹرن آؤٹ زیادہ ہونے کی شکل میں پی ٹی آئی کو بھاری اکثریت مل سکتی ہے۔‘‘

فوزیہ کلثوم رانا کے مطابق تاہم عمران خان بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کریں گے۔ ''جو لوگ پی ٹی آئی کو ختم کرنا چاہتے تھے انہوں نے بلا چھین کے بھی دیکھ لیا۔ اس کے بعد اب لوگوں کو پی ٹی آئی کے امیدواروں ک اانتخابی  نشان زبانی یاد ہو گئے ہیں، تو انہیں نظر آرہا ہے کہ ان کی ساری کوششیں ناکام ہو گئی ہیں تو وہ کریک ڈاؤن پی ٹی آئی کے خلاف سخت کر رہے ہیں تاکہ اس کو بائیکاٹ پر مجبور کیا جا سکے۔‘‘

Pakistan | Protestmarsch Unterstützer von Imran Khan
انتخابی فہرستوں میں 23 ملین نوجوان ووٹروں کے اندراج کا امکان ہےتصویر: Akhtar Soomro/REUTERS

مقصد کم ٹرن آوٹ ہے

تجزیہ نگار جنرل نعیم خالد لودھی کا کہنا ہے کہ یقیناً پی ٹی آئی کے مخالفین اور طاقتور حلقے نہیں چاہتے کہ پارٹی انتخابات میں حصہ لے۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''اسی لیے ان کے خلاف مختلف طرح کا پروپگنڈا کیا جا رہا ہے۔ کبھی بائیکاٹ کی خبریں پھیلائی جاتی ہیں اور کبھی امیدواروں کے حوالے سے کنفیوژن پیدا کیا جاتا ہے۔‘‘

الیکشن میں تاخیر ممکن ہو سکتی ہے؟

جنرل نعیم خالد لودھی کے مطابق ان تمام افواہوں کا بنیادی طور پر مقصد یہ ہے کہ لوگوں کو مایوس کیا جائے۔ ''اگر پروپیگنڈے کے ذریعے لوگوں کو یہ بتا دیا جائے کہ پی ٹی آئی بائیکاٹ کر رہی ہے تو لوگوں میں مایوسی پھیل جائے گی اور وہ ووٹ ڈالنے نہیں نکلیں گے جس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ ٹرن آؤٹ ممکنہ طور پر کم ہوگا اور کم ٹرن آؤٹ میں دھاندلی آسان ہوتی ہے۔‘‘

بائیکاٹ کے آثار دکھائی نہیں دیتے

لاہور سے تعلق رکھنے والے تجزیہ نگار احسن رضا کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی قومی اسمبلی کے حلقوں کا دورہ کیا ہے اور انہیں بائیکاٹ کے کہیں آثار نظر نہیں آئے۔ احسن رضا نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''پی ٹی آئی والے نہ صرف کارنر میٹنگز منعقد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں بلکہ انہوں نے ڈور ٹو ڈور کیمپین بھی شروع کر دی ہے اور ان کے حمایتیوں میں لاہور اور دوسرے علاقوں میں بہت زیادہ جوش و خروش نظر آرہا ہے جس سے یہ نہیں لگتا کہ وہ کسی بھی طور پر بائیکاٹ کرنے جا رہے ہیں۔‘‘