1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: اپوزیشن کے سوشل میڈیا سربراہ گرفتار

4 مئی 2024

بھارتی پولیس کے مطابق اس نے ملک کی مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سوشل میڈیا سربراہ کو اس الزام میں گرفتار کیا ہے کہ انہوں نے ایک ویڈیو میں رد وبدل کیا جو ملک میں سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پھیل رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/4fVCp
Symbolbild I Indien I Soziale Netzwerke
تصویر: Sajjad Hussain/AFP/Getty Images

کانگریس پارٹی کے ارون ریڈی کو جمعہ تین مئی کی شب ایک رد وبدل کی گئی ویڈیو کے تناظر میں حراست میں لیا گیا، جس میں بھارت کے طاقتور وزیر داخلہ امیت شاہ کو ایک انتخابی جلسے کے دوران کروڑوں غریب اور نچلی ذات کے ہندوؤں کے لیے جاری مثبت پالیسیوں کو ختم کرنے کا وعدہ کرتے دکھایا گیا ہے۔

وزیر اعظم مودی کی نفرت انگیز بیان بازی سود مند یا نقصان دہ؟

مودی اور راہول گاندھی سے ان کی متنازع تقاریر پر جواب طلب

امیت شاہ کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بعد ملک کی سب سے زیادہ طاقتور شخصیت قرار دیا جاتا ہے۔ یہ دونوں شخصیات طویل عرصے سے سیاسی حلیف ہیں۔

نئی دہلی کے پولیس کمشنر ہمنت تیواڑی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ارون ریڈی کو ''گزشتہ روز وزیر داخلہ کی ایک ویڈیو میں رد وبدل کی تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا۔‘‘ پولیس کمشنر کا مزید کہنا تھا، ''ہم نے انہیں عدالت کے سامنے پیش کیا ہے اور وہ اب پولیس کی حراست میں ہیں۔‘‘

بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ
امیت شاہ کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بعد ملک کی سب سے زیادہ طاقتور شخصیت قرار دیا جاتا ہے۔تصویر: Hindustan Times/IMAGO

کانگریس کی ترجمان شمع محمد نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے ریڈی کی گرفتار کی تصدیق کی، تاہم انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ ریڈی مذکورہ ویڈیو کی تیاری یا اسے شائع کرنے میں ملوث ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ''وہ کسی ویڈیو کے رد وبدل میں ملوث ہیں۔ ہم ان کی مدد کر رہے ہیں۔‘‘

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق حکام نے ارون ریڈی کی الیکٹرانک آلات کو بھی فارنزک تجزیے کے لیے قبضے میں لیا۔

امیت شاہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ بھارت میں جاری چھ ہفتوں پر مشتمل انتخابی عمل میں بہت زیادہ توقع کی جا رہی ہے کہ بھارتی جنتا پارٹی ہی تیسری مدت کے لیے اقتدار حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی
بھارت میں جاری چھ ہفتوں پر مشتمل انتخابی عمل میں بہت زیادہ توقع کی جا رہی ہے کہ مودی کی جماعت بھارتی جنتا پارٹی ہی تیسری مدت کے لیے اقتدار حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔تصویر: Manish Swarup/AP/picture alliance

ملک میں اس جماعت کے مخالفین کے خلاف مجرمانہ اور ٹیکس کی عدم ادائیگی کے الزامات کے تحت مقدمات اور کانگریس پارٹی کے بینک اکاؤنٹس کی بندش جیسے اقدامات کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کی کامیابی کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔

اپوزیشن شخصیات اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے مودی کی حکومت کے خلاف الزامات عائد کیے جا رہے ہیں کہ وہ مخالفین کو کمزور کرنے کے لیے جانتے بوجھتے انہیں ایسے الزامات میں الجھا رہی ہے۔

ا ب ا/ک م (اے ایف پی)