1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’بھارت دہشت گردوں کو ہمارے حوالے کرے‘، حنا ربانی کھر

15 دسمبر 2022

پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ بھارت کی طرف سے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کی حمایت کا معاملہ اقوام متحدہ کے سامنے ایک ڈوزیئر کی شکل میں پیش کرے گا۔

https://p.dw.com/p/4Kxfx
Pakistan Außenministerin Hina Rabbani Khar
تصویر: dapd

پاکستان کی وزارت خارجہ کی طرف سے بھارت کو انتباہ کیا گیا ہے کہ نئی دہلی کی طرف سے پاکستان میں دہشت گردانہ حملوں کی حمایت کے معاملے کو اسلام آباد ایک ڈوزیئر کی شکل میں اقوام متحدہ کے سامنے رکھے گا۔ وزارت خارجہ کے اس بیان سے ایک روز قبل اسلام آباد نے کہا تھا کہ پاکستان میں ہوئی ایک ''ہائی پروفائل بمباری‘‘ کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔

پاکستان کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے اپنے بیان میں جوہر ٹاؤن دھماکے کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کو جو ڈوزیئیر پیش کرنے جا رہا ہے اُس میں 2021 ء میں ایک مذہبی لیڈر کے گھر کے باہر ہونے والے بم دھماکے اور تخریب کاری کے دیگر واقعات جنہیں حنا ربانی دہشت گردی قرار دیتی ہیں، میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت اور معلومات کی تفصیلات شامل کی جائیں گی۔

فلم ’ہوٹل ممبئی‘ بطور ’مزاحمت کا ترانہ‘

وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کے مطابق مذکورہ ڈوزیئر کو اقوام متحدہ کے سامنے پیش کرنے کا اصل مقصد یہ ہے کہ ''اُن معلومات اور ثبوتوں کو شیئر کیا جائے، جن سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ بھارت کیا کر رہا ہے۔‘‘ ربانی نے کہا،'' آئیے ہم اپنے اپنے ریکارڈ کو درست کریں اور دنیا کو آگاہ کریں کے اس خطے میں کیا ہو رہا ہے۔‘‘

اُدھر بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے پاکستانی وزیر مملکت کے ان بیانات پر کوئی فوری تبصرہ سامنے نہیں آیا۔ حنا ربانی کھر نے تاہم یہ نہیں کہا کہ ڈوزیئر کو اقوام متحدہ کی کس باڈی کے سامنے اور کب پیش کیا جانا تھا۔

Hafiz Mohammad Saeed
بھارت کا کہنا ہے کہ حافظ سعید ممبئی قتل عام کے ماسٹر مائینڈ تھےتصویر: AP

بھارت پر الزامات کیا ہیں؟

پاکستان کی طرف سے 2021 ء میں  عسکریت پسند اسلامی گروپ لشکر طیبہ کے بانی حافظ سعید کے گھر کے سامنے ہونے والے بم دھماکے میں بھارت کی پشت پناہی اور اس کی فنڈنگ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اسی گروپ کو 2008 ء میں بھارت نے ممبئی حملوں کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا، جس میں غیر ملکیوں سمیت 166 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ بھارت کا کہنا ہے کہ سعید ممبئی قتل عام کے ماسٹر مائینڈ تھے جبکہ حافظ سعید نے خود اس الزام کی تردید کرتے آئے ہیں۔

اُدھر پاکستانی وزیر حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ مشرقی شہر  لاہور میں 2021 ء میں  چار افراد کی ہلاکت کا سبب بننے والے بم دھماکے کے سہولت کار اور ماسٹر مائنڈ بھارت میں مقیم ہیں۔ ربانی نے بھارت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا،'' ہم چاہتے ہیں کہ بھارت ایک ذمہ دار قوم ہونے کا ثبوت پیش کرتے ہوئے دہشت گردوں کو ہمارے حوالے کرے۔ اگر بھارت واقعی ایک ذمہ دار قوم ہے تو وہ اس سلسلے میں ضرور ہمارے ساتھ  تعاون کا مظاہرہ کرے گا۔‘‘

اجمل قصاب کے لیے سزائے موت کا فیصلہ برقرار

جنوبی ایشیا کی دو جوہری طاقتیں 1947 ء میں برطانوی راج سے آزادی حاصل کرنے کے تاریخی خونریز واقعات کے بعد سے اب تک تین جنگیں لڑ چُکی ہیں۔ دنوں پڑوسی ممالک ایک دوسرے پر دہشت گردی اور حملوں کی پشت پناہی اور سرپرستی کا الزام عائد کرتے اور دونوں ہی ان الزامات کو مسترد بھی کرتے رہتے ہیں۔

ک م/ ش ر (رائٹرز)