1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’خیبر پختونخوا میں ترقیاتی سرگرمیوں کا متاثر ہونا خطرناک ہو گا‘

25 اگست 2010

صوبے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان نے کہا ہے کہ اِس شمال مغربی صوبے میں سیلاب زدگان کی فوری ضرورتیں پوری نہ ہونے کی صورت میں طالبان کی سرکشی میں اضافہ ہو گا اور یہ امن و سلامتی کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے۔

https://p.dw.com/p/OvEa
تصویر: AP

خبر رساں ادارے روئٹرز کے ساتھ باتیں کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد پر اٹھنے والے اخراجات نے صوبائی حکومت کو اپنے صوبے میں سن 2010ء کے لئے ترقیاتی اخراجات معطل کرنے پر مجبور کر دیا ہے حالانکہ عسکریت پسندی بدستور شدت اختیار کئے ہوئے ہے۔’’اگر ہم اور ہماری حکومت اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہی تو یہ چیز ہمارے صوبے کے لئے ہی نہیں بلکہ پاکستان اور پورے خطے کے لئے تباہ کن ثابت ہو گی۔‘‘ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ نے مزید کہا:’’یہ صوبہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن صوبے کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہاں ناکامی ہوئی تو پوری بین الاقوامی برادری کے لئے اِس کے نتائج تباہ کن ثابت ہوں گے۔‘‘

عسکریت پسندوں کو نئے ساتھی اُن پاکستانی نوجوانوں کی صورت میں ملتے ہیں، جو حکومت سے مایوس ہو چکے ہوتے ہیں۔ اِن عسکریت پسندوں کی حوصلہ شکنی اور اُن کے خلاف جنگ میں عوام کی حمایت حاصل کرنے کے لئے حکومت نے خیبر پختونخوا میں اربوں ڈالر کے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا پروگرام بنا رکھا ہے۔ وزیر اعلیٰ ہوتی نے کہا کہ سیلاب پر اُٹھنے والے اخراجات کے باعث اب یہ منصوبے تاخیر کے شکار ہو جائیں گے۔ اُنہوں نے بتایا کہ سیلاب کے باعث اُنہوں نے سترہ ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایک ساتھ دونوں محاذوں پر جمے رہنا حکومت کے لئے بہت مشکل ہے۔

ملک کی تاریخ کے بدترین سیلاب نے پورے کے پورے دیہات، شاہراہوں اور پُلوں کو صفحہء ہستی سے مٹا دیا ہے جبکہ ملازمتوں کے بھی لاتعداد مواقع ختم ہو گئے ہیں۔ یہ صورتِ حال طویل المدتی بنیادوں پر حکومت پر معاشی دباؤ میں بہت زیادہ اضافہ کر دے گی۔ دوسری جانب متاثرین کی مدد کے لئے سست رفتار اقدامات کی وجہ سے حکومت کو سخت تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اِس خلا کو پُر کرنے کے لئے بہت سی ایسی اسلامی تنظیمیں میدان میں اُتر آئی ہیں، جن میں سے کچھ کے مبینہ طور پر عسکریت پسندوں کے ساتھ گہرے روابط ہیں۔

Pakistan Haider Khan Hoti
خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ حیدر خان ہوتی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کے ہمراہتصویر: Abdul Sabooh

خیبر پختونخوا کی حکومت صرف طالبان کے سابقہ گڑھ وادیء سوات میں ہی ملازمتوں کے نئے مواقع، اقتصادی ڈھانچے کی تعمیرِ نو اور سکیورٹی فورسز کے استحکام کے لئے کم از کم ایک ارب ڈالر خرچ کرنے کا پروگرام بنا رہی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق شمال مغربی علاقوں کی تعمیر نو پر 180 ارب روپے خرچ ہوں گے۔

ہوتی نے بتایا کہ چند ایک انتہائی زیادہ متاثرہ اضلاع میں پانی وہ تمام ترقی چند گھنٹوں کے اندر اندر بہا کر لے گیا، جو اِس صوبے نے گزرے تیس تا چالیس برسوں کے دوران کی تھی۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ سیلاب طالبان کے لئے پھر سے اپنے قدم مضبوط کرنے کا ایک موقع ہیں اور وہ ایسی کوششیں کر بھی رہے ہیں لیکن حکومت سیلاب سے متاثرہ افراد تک پہنچنے اور اُن کی ہر طرح سے مدد کرنے کی بھرپور کوششیں کرے گی تاکہ عسکریت پسندوں کو اپنے اکھڑے قدم دوبارہ جمانے کا موقع نہ مل سکے۔

رپورٹ: خبر رساں ادارے / امجد علی

ادارت: گوہر نذیر گیلانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں