1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دہشت گردی کا خطرہ: پشاور میں گاڑیوں کا داخلہ بند

15 نومبر 2010

پاکستانی صوبے خیبر پختونخواہ کی حکومت نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ممکنہ دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر نیا سکیورٹی منصوبہ تشکیل دیا ہے، جس کے تحت صوبائی دارالحکومت میں گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/Q8gR
تصویر: Faridullah Khan

اس منصوبے کے تحت شہر کوسیل کردیا گیا ہے اور شہر میں آنے والے لوگوں کی گاڑیوں کیلئے پارکنگ شہر سے باہر بنائی گئی ہے۔ تمام داخلی راستوں پر سکیورٹی بھی بڑھادی گئی۔ انتظامیہ کا کہناہے کہ شہر کو عید کے موقع پر سیل کرنے کیلئے تاجروں کو اعتماد میں لیاگیا، تاہم پشاورکنٹونمنٹ کے تاجرحکومت کے اس اقدام پرسراپااحتجاج ہیں۔

تاجروں کا کہناہے کہ عوام پہلے سے خوفزدہ ہیں اوربازار آنے سے کتراتے ہیں۔ حکومت کے اس اقدام نے نہ صرف عوام کومزید خوفزدہ کردیا ہے بلکہ تاجروں کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔ پشاورصدر کے معروف تجارتی مرکز شفیع مارکیٹ کے تاجر عمران خان کہتے ہیں، ’حکومت کو شہر کے داخلی راستوں کی سکیورٹی سخت کرنی چاہیے۔ انہوں نے بازاروں میں گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگاکر تاجروں کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے۔ پہلے بھی پشاورکی تاجر برادری بدامنی سے پریشان ہے لیکن حکومتی پالیسیاں ان کی مشکلات میں مزید اضافےکاسبب بن رہی ہیں۔’’

Mindestens 50 Tote bei Anschlag in Peshawar
پشاور پے درپے دہشت گردانہ حملوں کا نشانہ رہا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

حکومتی ذرائع کاکہناہے کہ کراچی میں دہشت گردی کے واقع کے بعد پشاور میں بارود سے بھری گاڑیوں کے داخلے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کی بناء پر تاجروں کواعتماد میں لے کر شہر کو سیل کیا گیا ہے۔ اس اقدام کے بعد عسکریت پسند پشاور کے نواحی علاقوں میں متحرک دکھائی دیتے ہیں۔ کوہاٹ روڈ پر امن کمیٹی کے سربراہ نورمالک کے حجرے کے قریب ہونیوالے ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں ایک ایف سی اہلکار سمیت تین افراد زخمی ہوئے جبکہ دھماکہ سے حجرے اورقریبی مسجد کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس دھماکہ سے شہر اورنواحی علاقوں میں ایک مرتبہ پھر خوف کی لہر دوڑ گئی۔

رپورٹ: فریداللہ خان، پشاور

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں