1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دہشت گردی کے خلاف پاکستانی کوششیں، امریکی وفد کی بریفنگ

مقبول ملک اے پی
15 جنوری 2018

پاکستان نے امریکا کو بتا دیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ملکی حکومت اور سکیورٹی فورسز کی کوششوں کے واضح نتائج سامنے آ چکے ہیں۔ اسلام آباد کی طرف سے یہ بات امریکا سے آئے ہوئے ایک وفد کو دی گئی بریفنگ میں کہی گئی۔

https://p.dw.com/p/2qrwi
تصویر: Getty Images/AFP/M. Ralston

پاکستانی دارالحکومت سے پیر پندرہ جنوری کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے اس ماہ کے اوائل میں پاکستان کے لیے مجموعی طور پر قریب دو ارب ڈالر کی سکیورٹی امداد معطل کیے جانے کے بعد اس وقت ایک اعلیٰ سطحی امریکی وفد اسلام آباد کا دورہ کر رہا ہے۔

USA Donald Trump
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپتصویر: picture alliance/dpa/AP Photo/E. Vucci

پاکستان پر دباؤ جاری رکھا جائے، افغان صدر کی درخواست

'امریکی الزامات ، پاکستانیوں کے لیے دھوکے کے مترادف‘

ڈالر کی جگہ یوآن میں تجارت، پاکستان کو فائدہ یا نقصان؟

اس وفد کو پاکستانی حکام نے آج پیر کے روز اسلام آباد میں اس بارے میں ایک بریفنگ دی کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف اب تک کتنی بھرپور کوششیں کی ہیں اور ان کے کیا نتائج برآمد ہوئے ہیں۔

یہ بریفنگ ایک ایسے امریکی وفد کو دی گئی، جو قائم مقام نائب وزیر خارجہ ایلس وَیلز کی قیادت میں اس وقت پاکستان کے دورے پر ہے۔

پاکستانی دفتر خ‍ارجہ کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اس بریفنگ میں امریکی وفد کو بتایا گیا کہ دہشت گردی کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے حکومتی اقدامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کے نتیجے میں ملک میں سلامتی کی صورت حال واضح طور پر بہتر ہو چکی ہے۔

بیان کے مطابق اس بریفنگ میں امریکی وفد کو یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان خطے میں سلامتی اور استحکام کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا اور دہشت گردی کے خلاف اندرون ملک کیے جانے والے اقدامات کے ٹھوس نتائج سے علاقائی امن اور سلامتی کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

ٹرمپ سے ممکنہ ملاقات کڑوی گولی کی طرح ہو گی، عمران خان

پاکستان کے لیے امریکی امداد کی بندش: اندھیرے میں چلایا گیا تیر؟

امریکی مطالبات کی فہرست پاکستان کو پہنچ گئی، پینٹاگون

امریکا کی طرف سے پاکستان پر طویل عرصے سے یہ الزام لگائے جاتے رہے ہیں کہ اس نے اپنے ہاں ان دہشت گردوں کو محفوظ ٹھکانے مہیا کر رکھے ہیں، جو پاکستانی سرزمین سے ہمسایہ ملک افغانستان میں خونریز کارروائیاں کرتے ہیں۔ پاکستان کی طرف سے ان الزامات کی بھرپور تردید کی جاتی ہے۔

رواں ماہ کے شروع میں امریکا نے پاکستان کے لیے سکیورٹی اور فوجی امداد معطل کرنے کا جو اعلان کیا تھا، اس کے ساتھ بھی یہ بھی کہا گیا تھا کہ جب تک پاکستان اپنی سرزمین سے دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں کرتا، تب تک واشنگٹن کی طرف سے معطل کی گئی یہ امداد بحال نہیں کی جائے گی۔