زیر سمندر سرنگ کے ذریعے برطانیہ پہنچنے کی کوشش
18 دسمبر 2015فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی نے کیَلے کی مقامی انتظامیہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ جمعرات کے دن آٹھ سو سے ایک ہزار کے لگ بھگ پناہ گزین چینل ٹنل کے قریب جمع ہوئے اور انہوں نے برطانیہ جانے کی کوشش کی۔
’چینل ٹنل‘ کو ’یورو ٹنل‘ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ زیر سمندر سرنگ برطانیہ اور فرانس کو آپس میں ملاتی ہے۔ زیر سمندر بنائی گئی اس پچاس کلو میٹر طویل سرنگ میں ٹرین کے ذریعے گاڑیوں اور ٹرکوں کو ایک سرے سے دوسرے سرے تک منتقل کیا جاتا ہے۔
فرانسیسی پولیس کے مطابق اس تازہ واقعے سے قبل ایک روز میں اتنی بڑی تعداد میں مہاجرین یورو ٹنل پر جمع نہیں ہوئے۔
کَیلے شہر کے ایک اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا، ’’ٹنل کے قریب پہنچنے کے بعد کئی پناہ گزینوں نے ٹریفک کی رفتار سست کرنے کی کوشش کی تاکہ وہ ٹرکوں میں سوار ہو سکیں۔‘‘
ٹنل کے قریب موجود اے ایف پی کے نمائندے کے مطابق انہوں نے کچھ تارکین وطن کو ٹرکوں پر سوار ہوتے ہوئے بھی دیکھا۔ فرانسیسی پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جب پولیس مہاجرین کو اس غیرقانونی اور خطرناک سفر سے روکنے کے لیے وہاں پہنچی تو ’’تارکین وطن نے ان پر پتھراؤ شروع کر دیا، جس پر پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔‘‘
یہ تارکین وطن فرانس کے ساحلی شہر کیَلے میں موجود پناہ گزینوں کے ایک عارضی کیمپ میں مقیم ہیں۔ عارضی بنیادوں پر بنائے گئے اس کیمپ کی صورت حال نہایت مخدوش ہے اور اسے ’جنگل‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
اس کیمپ میں مشرق وسطیٰ، ایشیا اور افریقہ سے تعلق رکھنے والے پینتالیس سو تارکین وطن مقیم ہیں۔ بہتر زندگی کی تلاش میں یورپ آنے والے تارکین وطن کی جانب سے اکثر یورو ٹنل کے ذریعے برطانیہ داخل ہونے کی کوششوں کی خبریں بھی سامنے آتی رہتی ہیں۔
گزشتہ مہینے سوڈان سے تعلق رکھنے والا ایک سولہ سالہ پناہ گزین یورو ٹنل میں داخل ہونے کی کوشش کی دوران ایک تیز رفتار گاڑی سے ٹکرا کر ہلاک ہو گیا تھا۔ جون سے اب تک کیَلے سے برطانیہ جانے کی کوشش کرنے والے اٹھارہ تارکین وطن ہلاک ہو چکے ہیں۔