نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ’وائٹ واش‘ کر دیا
19 جنوری 2018نیوزی لینڈ کے شہر ویلنگٹن میں جمعے کے دن کھیلے گئے اس ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے۔ تاہم پاکستان کی ٹیم انچاسویں اوور میں 256 پر آل آؤٹ ہو گئی۔ یوں میزبان ٹیم نے یہ میچ پندرہ رنز سے جتتے ہوئے پانچ میچوں کی سیریز پانچ صفر سے اپنے نام کر لی۔
نيوزی لينڈ ميں ناقص کارکردگی کی وجوہات کيا ہيں؟
پاکستانی کرکٹ ٹیم عالمی ریکارڈ سے بال بال بچ گئی
نیلسن ون ڈے میں بھی پاکستان کو شکست
یہ تیسری مرتبہ ہوا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو کسی ٹیم کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس سے قبل سن دو ہزار دس میں آسٹریلیا اور سن انیس سو اٹھاسی میں ویسٹ انڈیزنے پانچ میچوں کی سیریز میں اسی مارجن سے پاکستان کو شکست دی تھی۔
ویلنگٹن میں کھیلے گئے اس میچ میں کیوی بلے باز مارٹن گپٹل نے ایک مرتبہ شاندار اننگز کھیلی اور سنچری اسکور کی۔ وہ پورے سو رنز بنا کر رومان رئیس کی ایک گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اس شاندار اننگز پر انہیں مین آف دی میچ قرار دیا ہے۔ اس کے علاوہ ان پانچ میچوں میں اپنی عمدہ پرفارمنس کی بدولت اس سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی گپٹل کے حصے میں ہی آیا۔
ویلنگٹن میچ میں نیوزی لینڈ کی طرف سے دوسرے کامیاب ترین بلے باز روس ٹیلر رہے، جنہوں نے ایک مشکل وقت میں 59 رنز کی ایک محتاط انفرادی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی طرف سے کامیاب ترین بولر رومان رئیس ثابت ہوئے، جنہوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسرے نمایاں بولر فہمیم اشرف رہے، جنہوں نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
272 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کا ٹاپ آرڈر ایک مرتبہ پھر ناکام ہو گیا۔ فخر زمان، عمر امین اور بابر اعظم بالترتیب بارہ، دو اور دس رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس میچ میں حارث سہیل نے ستاسی گیندوں پر 59 کی ایک جاندار اننگز کھیلی۔ حارث کے علاوہ دوسرے نمایاں بلے باز شاداب خان تھے، جنہوں نے چون رنز بنائے۔ جب پاکستان کے پانچ کھلاڑی صرف تاون رنز پر آؤٹ ہو گئے تھے تو انہی دونوں کھلاڑی نے پاکستان کو کچھ سہارا دیا اور 105 رنز کی شراکت داری کی۔
میچ کے آخر میں یامین اور محمد نواز نے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ یامین نے بتیس رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ نواز تئیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کو میچ کی آخری سات گیندوں پندرہ رنز درکار تھے تاہم ’لاسٹ مین‘ رومان رئیس پانچ کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ اس ون ڈے سیریز کے بعد اب پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی ایک سیریز بھی کھیلیں گی، اس سلسلے میں پہلا میچ بائیس جنوری کو ویلنگٹن میں ہی کھیلا جائے گا۔