1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیاتپاکستان

پاکستان میں مہنگائی پچاس سال کی بلند ترین سطح پر

1 اپریل 2023

یہ سرکاری اعداد وشمار ایک ایسے موقع پر جاری کیے گئے ہیں، جب جمعے کے روز کراچی میں مفت راشن کی تقسیم کے ایک مرکز میں بھگدڑمچنے سے عورتوں اور بچوں سمیت کم ازکم سولہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/4PaQN
Pakistan Hyderabad Markt
تصویر: PPI/Zuma/picture alliance

پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ رواں برس کےتیسرے مہینے بھی جاری رہا۔ وفاقی ادارہ شماریات کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال مارچ  میں مہنگائی کی شرح میں 35.37 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ پچاس سالوں میں مہنگائی کی بلند ترین سطح ہے۔

Videostill | Pakistan: Deadly stampede at food giveaway
جمعے کے روز کراچی میں مفت راشن کی تقسیم کے ایک مرکز میں بھگدڑمچنے سے عورتوں اور بچوں سمیت کم ازکم سولہ افراد ہلاک ہو گئے تصویر: Reuters

یہ اعداد وشمار ایک ایسے موقع پر جاری کیے  گئے ہیں، جب جمعے کے روز کراچی میں مفت راشن کی تقسیم کے ایک مرکز میں بھگدڑمچنے سے عورتوں اور بچوں سمیت کم ازکم سولہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ حکومت نے ملک بھر میں سستے آٹے کی تقسیم کے لیے مراکز کھول رکھے ہیں۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق ٹرکوں اور ڈسٹری بیوشن پوائنٹس سے آٹے کے ہزاروں تھیلے لوٹ بھی لیے گئے ہیں۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی تجزیہ کار شاہدہ وزارت کے بقول،''جس طرح مہنگائی بڑھ رہی ہے، مجھے یقین ہے کہ قحط جیسی صورتحال ابھر رہی ہے۔‘‘

شماریات بیورو کے ایک ترجمان نے کہا کہ مہنگائی کی  یہ شرح 1970 کی دہائی میں ماہانہ ریکارڈ رکھنے کا سلسلہ شروع کیے جانے کے   بعد سے بیورو کی طرف سے ریکارڈ کی گیا سب سے زیادہ سالانہ اضافہ ہے۔  مارچ میں ریکارڈ کی گئی مہنگائی کی شرح  نے فروری میں مہنگائی کی  31.5 فیصد شرح کو بلند شرح کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔  کھانے، مشروبات اور ٹرانسپورٹ کی قیمتیں 50 فیصد تک بڑھ گئ ہیں۔

پاکستانی معیشت کو امریکی ڈالر کے مقابلے میں ملکی کرنسی روپے کی قدر میں کمی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر بھی اب صرف چار ہفتوں تک کی درآمدات کی ادائیگیوں کے لیے باقی بچے ہیں۔ پاکستانی معیشت کو پچھلے سال اگست میں آنے والےتباہ کن سیلابوں کی وجہ سے بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا تھا۔

Pakistan l Menschen verlassen mit Mehlsäcken die staatliche Verteilerstelle in Multan
مہنگائی کی بلند ترین سطح نے عام افراد کے لیے زندگی م گزارنا انتہائی دشوار کر دیا ہےتصویر: Shahid Saeed Mirza/AFP

پاکستانی حکومت رواں ماہ 170 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگائے گی

افراط زر کی شرح میں اضافہ

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق فروری کے مقابلے میں مارچ کے مہینے میں قمیتوں میں 3.72 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ ماہرین اقتصادیات کے مطابق  روپے کی قدر میں مسلسل کمی، حکومت کی جانب سے قیمتوں پر رعایتوں کے خاتمے اور ٹیکسوں میں اضافے کے بعد افراط زر کی شرح میں حالیہ اضافہ متوقع تھا۔

شماریات بیورو نے کے مطابق مارچ میں  خوراک کی قمیتوں میں سالانہ افراط زر کی شرح شہری اور دیہی علاقوں کے لیے بالترتیب 47.1 فیصد اور 50.2 فیصد رہی۔ پاکستان کا مرکزی بینک  بنیادی سطح پر افراط زر میں اس اضافے کو تشویش کا باعث قرار دے چکا ہے۔

آئی ایم ایف سے مذاکرات

پاکستان اس وقت اپنی شدید مشکلات کی شکار معیشت کو سہارا دینے کے لیےبین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ اپنے لیے اس عالمی ادارے سے طے شدہ  چھ ارب ڈالر کےبیل آؤٹ پیکج کے تحت ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط کے حصول کو یقینی بنا سکے۔ تاہم اس سلسلے میں جاری بات چیت ابھی تک نتیجہ خیز نہیں رہی۔

جمعے کو وزارت خزانہ کی جانب سے جاری ہونے والی ماہانہ اقتصادی آؤٹ لک رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ افراط زر بلند رہے گا۔ رپورٹ میں اشیائے ضروریہ کی طلب اور رسد میں فرق، شرح مبادلہ میں کمی، اور ایندھن کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کو افراط زر میں اضافے کی وجوہات کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔ 

ش ر ⁄ ک م (روئٹرز، اے ایف پی)

رمضان، ریکارڈ مہنگائی، آٹا حاصل کرنے کی کوشش اور بھگدڑ