پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے دی
20 جولائی 2023پاکستان نے جمعرات کے روز میزبان ٹیم سری لنکا کو گالے میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز چار وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی تھی اور اپنی پہلی اننگز میں تین سو بارہ رنز بنائے تھے۔ اس کے جواب میں پاکستان نے پہلی اننگز میں چار سو اکسٹھ رنز بنائے تھے۔ میزبان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں فقط دو سو اناسی رنز بنا سکی، یوں پاکستان کو یہ میچ جیتنے کے لیے ایک سو اکتیس رنز درکار تھے۔ گو کہ پاکستانی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، تاہم گرین شرٹس نے اس کے باوجود مقررہ ہدف بہرحال حاصل کر لیا۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں میں کیا مماثلتیں ہیں؟
پاکستانی ٹیم پندرہ اکتوبر کو بھارت کے خلاف میچ کھیلے گی
اس آسان ہدف کے تعاقب میں پاکستانی آغاز بہت اچھا نہیں تھا اور کھیل کے چوتھے روز کے اختتام پر پاکستان 48 رننز پر تین وکٹیں گنوا چکا تھا۔
آخری روز کا کھیل شروع ہوا تو پاکستان کو 83 رنز درکار تھے۔ اس سے گالے میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے اس ٹیسٹ میچ کی یادیں لوٹ آئیں، جب پاکستان کو 97 رنز درکار تھے اور اس کے پاس آٹھ وکٹیں تھیں، تاہم پاکستانی بیٹنگ لائن اپ ڈھیر ہو گئی تھی اور پاکستان وہ میچ ہار گیا تھا۔ تاہم جمعرات کو چوتھی وکٹ کی شراکت میں بابر اعظم نے امام الحق کے ساتھ مل کر 41 رنز اسکور کیے۔ پاکستانی کپتان کو تاہم پراباتھ جے سوریا نے 24 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کر دیا۔
پانچویں وکٹ کی شراکت میں تاہم سعود شکیل نے امام الحق کے ساتھ مل کر 43 رنز کا اضافہ کیا۔ دوسری اننگز میں امام الحق نے ناقابل شکست نصف سینچری بنائی اور یہی پاکستانی کی جیت کی بنیاد ثابت ہوئی۔ انہوں نے اپنی اس اننگز میں ایک چھکا اور چار چوکے لگائے۔ سعود شکیل مینڈس کی بال پر سماراوکرما کو کیچ تھما بیٹھے اور تیس کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
جے سوریا نے شکیل سعود کے بعد آنے والے سرفراز احمد کو آؤٹ کیا اور یوں دوسری اننگز میں 56 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں اور سری لنکا کی جانب سے نمایاں رہے۔ سرفراز احمد صرف ایک رن بنا پائے۔ اس وقت پاکستان کو جیت کے لیے چار رنز درکار تھے۔
تاہم ان کے بعد آنے والے آغا سلمان نے جے سوریا کو پہلی ہی بال پر چھکا لگا کر اس میچ کا فیصلہ کر دیا۔
ع ت/ ک م(ایسو سی ایٹیڈ پریس)