1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کوریائی ریاستوں کے رہنماؤں کی تاریخی ملاقات، توجہ امن پر

27 اپریل 2018

دونوں کوریائی ریاستوں کے اعلیٰ ترین رہنماؤں کی ایک تاریخی ملاقات آج جمعہ ستائیس اپریل کو ہوئی۔ جنوبی کوریائی صدر مُون جے اِن سے ملاقات کے لیے کمیونسٹ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن آج پہلی بار جنوبی کوریا پہنچے تھے۔

https://p.dw.com/p/2wlUt
جنوبی کوریائی صدر، دائیں، اور شمالی کوریائی رہنما ایک دوسرے سے ملتے وقتتصویر: KOCIS

جنوبی کوریا میں گویانگ سے ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق جزیرہ نما کوریا پر 65 برس قبل جو جنگ ختم ہوئے بغیر محض ایک جنگ بندی معاہدے کے ساتھ رک گئی تھی، اس کے بعد سے اور شمالی کوریا کی تاریخ میں کم جونگ اُن وہ پہلے رہنما بن گئے ہیں، جنہوں نے جنوبی کوریا کا دورہ کیا ہے۔

شمالی کوریا نے جوہری اور میزائل پروگرامز ترک کرنے کا اعلان کر دیا

صدر ٹرمپ کا شمالی کوریا سے براہ راست رابطوں کا انکشاف

کمیونسٹ شمالی کوریا کے رہنما اُن کے اس دورہ جنوبی کوریا کی علامتی اہمیت انتہائی زیادہ ہے۔ انہوں نے دونوں ہمسایہ حریف ریاستوں کو تقسیم کرنے والی فوجی حد بندی لائن کو عبور کر کے آج جب جنوبی کوریائی سرزمین پر قدم رکھا تو گرم جوشی سے ہاتھ ملا کر ان کا استقبال کرنے کے لیے جنوبی کوریا کے صدر مُون جے اِن ذاتی طور پر موجود تھے۔

گزشتہ 65 برسوں میں جنوبی کوریا جانے والے پہلے شمالی کوریائی رہنما کے طور پر کم جونگ اُن نے بعد میں کہا کہ ایسا کرتے ہوئے وہ ’جذبات سے لبریز‘ تھے۔

Innerkoreanischer Gipfel
تصویر: KOCIS

جنوبی کوریا میں داخلے کے بعد کم جونگ اُن ہی کی دعوت پر ایک بڑا علامتی قدم یہ بھی تھا کہ یہی دونوں رہنما ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑے مشترکہ فوجی حد بندی لکیر پار کر کے کچھ دیر کے لیے شمالی کوریا میں بھی داخل ہو گئے۔

’جوہری ہتھیاروں کے خاتمے پر بات چیت کے لیے تیار ہیں‘: شمالی کوریا

’چھوٹے سے راکٹ مین‘ کے لیے لمبی ٹرین

اس کے بعد یہ دونوں سربراہان جنوبی کوریائی علاقے میں واقع سرحدی گاؤں پان مُون جوم میں قائم اس ’پیس ہاؤس‘ یا ’ایوان امن‘ میں چلے گئے، جہاں ان کی پہلی باہمی ملاقات عمل میں آئی۔ 1953ء میں کوریائی جنگ میں فائر بندی کے بعد سے مجموعی طور پر یہ تیسرا موقع  ہے کہ شمالی اور جنوبی کوریائی رہنماؤں کی آپس میں کوئی ملاقات ہوئی ہے۔

شمالی کوریا پر اس کے متنازعہ ایٹمی پروگرام اور وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر شدید تنقید بھی کی جاتی ہے۔ لیکن اس موقع پر کم جونگ اُن نے کہا، ’’میں تاریخ کے ایک نئے باب کے آغاز پر ایک مثبت ابتدائی اشارہ دینے کا عزم لے کر یہاں آیا ہوں۔‘‘

Innerkoreanischer Gipfel
یہ سربراہی ملاقات اس ’پیس ہاؤس‘ میں ہوئیتصویر: KOCIS

اسی طرح جنوبی کوریائی صدر اِن نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی ایک ایسا دوطرفہ معاہدہ طے پا سکے گا، جو امن کے خواہش مند دونوں کوریائی ریاستوں کے تمام باشندوں کے لیے ایک تحفہ ہو گا۔‘‘ اس سمٹ کے موقع پر دونوں رہنماؤں کے ساتھ ان کے قریبی معاونین بھی تھے۔

اِن کی اُن سے ملاقات طے ہو گئی

یورپ بھی شمالی کوریائی میزائلوں کی زد میں، جرمن خفیہ ادارہ

شمالی کوریائی رہنما کے ساتھ ان کی ہمشیرہ اور قریبی مشیر کم یو جونگ کے علاوہ کمیونسٹ کوریا کے بین الکوریائی تعلقات کے شعبے کے سربراہ بھی تھے۔ اسی طرح جنوبی کوریائی صدر کے ہمراہ ان کے ملک کے انٹیلیجنس سربراہ اور چیف آف سٹاف بھی تھے۔

اس سمٹ کے پہلے دور کے بعد مقامی وقت کے مطابق جمعے کو بعد دوپہر تک ملنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اس ملاقات میں دونوں لیڈروں نے ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمے کے علاوہ قیام امن کے امکانات پر بھی بات چیت کی۔

ٹرمپ- اُن ملاقات: بیجنگ اور ماسکو کا تعاون حاصل کرنے کوشش

شمالی کوریا امن چاہتا ہے، صدر ٹرمپ

جنوبی کوریائی صدر کے دفتر کے ایک ترجمان نے بعد ازاں بتایا، ’’صدر مُون جے اِن اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے جزیرہ نما کوریا کو غیر ایٹمی خطہ بنانے کے موضوع پر انتہائی سنجیدگی اور ایمانداری سے تبادلہ خیال کیا۔‘‘

گویانگ سے موصولہ تازہ ترین رپورٹوں کے مطابق اس سمٹ کے بعد اس موقع پر دی جانے والی سرکاری ضیافت میں دونوں ممالک کی خواتین اوّل بھی شریک ہوں گی۔

م م / ص ح ز / اے ایف پی