1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتبھارت

جموں کشمیر میں بڑھتے ہوئے حملے، امن کے بھارتی دعووں کی نفی

15 نومبر 2024

بھارتی سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں کے حملوں کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ ابھی زندہ ہے۔ نئی دہلی حکومت کی جانب سے امن کے دعووں کے باوجود رواں برس اب تک کم از کم 120 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4n198
بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع ریاسی میں عسکریت پسندوں کے خالف ایک آپریشن کے دوران بھارتی فورسز کی گاڑیاں اور ڈیوٹی پر موجود فوجی
بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع ریاسی میں عسکریت پسندوں کے خالف ایک آپریشن کے دوران بھارتی فورسز کی گاڑیاں اور ڈیوٹی پر موجود فوجیتصویر: AFP

بھارتی سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں عسکریت پسندوں کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کا مقصد اس متنازعہ علاقے میں حالات معمول کے مطابق ہونے کے نئے دہلی حکومت کے دعووں کو چیلنج کرنا ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودیتصویر: Sergei Gapon/AFP

کشمیر 1947ء میں برطانوی راج  کے خاتمے کے بعد سے (گزشتہ کئی برسوں سے) جوہری ہتھیاروں سے لیس ہمسایہ حریف ممالک بھارت اور پاکستان کے مابین منقسم ہے اور دونوں ممالک اس علاقے پر اپنی مکمل ملکیت کے دعوے کرتے ہیں۔

بھارت کی شمالی کمان کی افواج کے سابق سربراہ ریٹائرڈ جنرل دیپندر سنگھ ہوڈا نے کہا، '' عسکریت پسندوں کے حملوں کا مقصد صرف ہلاکتیں نہیں بلکہ موجودہ بھارتی بیانیے کا مقابلہ کرنے کے لیے یہ بالکل متضاد بیانیہ ترتیب دینا ہے کہ سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔‘‘

جموں کشمیر: گاؤں کے دفاعی رضاکاروں کا اغوا اور قتل

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں پینتیس سال سے  شورش جاری ہے اور  اس میں اب تک دسیوں ہزار شہری، بھارتی فوجی اور کشمیری عسکریت پسند مارے جا چکے ہیں۔ ان میں سال رواں کے دوران اب تک ہونے والی کم از کم 120 ہلاکتیں بھی شامل ہیں۔

بھارت کے زیر انتظام جموں کشمیر میں سری نگر لداخ ہائے وے پر گنگا نگر کے قریب سے گزرتا ایک بھارتی فوجی قافلہ
بھارت کے زیر انتظام جموں کشمیر میں سری نگر لداخ ہائے وے پر گنگا نگر کے قریب سے گزرتا ایک بھارتی فوجی قافلہتصویر: Dar Yasin/AP/picture alliance

بھارتی حکومت نے اس شورش زدہ علاقے میں اپنے نصف ملین سے زیادہ فوجی تعینات  کر رکھے ہیں۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ہندو قوم پرست حکومت نے 2019 میں اس  مسلم اکثریتی خطے کی آئینی طور پر جزوی خود مختاری کو منسوخ کر دیا تھا۔ اس کے بعد سے تقریباً 12 ملین کی آبادی والے اس خطے میں نئی دہلی کی طرف سے مقرر کردہ ایک گورنر کی حکومت ہے، جو اس  اکتوبر میں منتخب کی گئی ایک مقامی حکومت کی نگرانی کرتا ہے۔

کشمیر: خصوصی آئینی دفعہ 370 کے حق میں اسمبلی میں قرارداد منظور

نئی دہلی کا اصرار ہے کہ اس نے خطے میں ''امن، ترقی اور خوشحالی‘‘ لانے میں مدد کی۔ لیکن عسکری ماہرین کا کہنا ہے کہ کشمیری عسکریت پسندوں اور باغیوں کے چھوٹے گروہ،  جو یا تو آزادی یا پھر بھارت کے زیر انتظام جموں کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کا مطالبہ کرتے ہیں، ان بھارتی دعووں کا جواب حملوں سے دیتے ہیں۔ جنرل ریٹائرڈ  ہوڈا نے کہا، '' ایک بڑا پیغام بھیجا جا رہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ ابھی زندہ ہے۔‘‘

سری نگر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں عام شہریوں کی ہلاکتوں کے خلاف ایک عوامی مظاہرہ
سری نگر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں عام شہریوں کی ہلاکتوں کے خلاف ایک عوامی مظاہرہتصویر: Firdous Nazir /Eyepix Group/IMAGO

بھارت عسکریت پسندوں کو مسلح کرنے اور حملوں میں مدد کرنے کے لیے پاکستان کو مورد الزام ٹھہراتا ہے تاہم اسلام آباد حکومت اس الزام کی تردید کرتی ہے۔ ہوڈا نے الزام لگایا کہ اس سال باغیوں کی طرف سے ''دراندازی میں اضافہ پاکستانی فوج کے فعال طور پر اجازت دیے بغیر ممکن نہیں تھا۔‘‘

بھارت: چھ برسوں میں جموں وکشمیر اسمبلی کا پہلا اجلاس، دفعہ 370 پر ہنگامہ

کشمیر میں بہت سی جھڑپیں بڑی بستیوں سے دور پہاڑوں پر واقع جنگلوں میں ہوتی ہیں لیکن علاقے میں وسیع و عریض فوجی کیمپوں اور سڑکوں پر کھڑی کی گئی رکاوٹیں یہاں بڑی تعداد میں فوجی موجودگی  کے حوالے سے ایک مستقل یاد دہانی کا کام کرتی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کشمیر میں اوسطاﹰ ہر 25  افراد پر تقریباً ایک ہندوستانی فوجی تعینات ہے۔ اس وجہ سے یہاں عام لوگوں کے معمولات زندگی بھی متاثر نظر آتے ہیں۔

بھارتی زیرانتظام کشمیر میں فوج سے جھڑپ میں دو مشتبہ جنگجو ہلاک

ایک سکیورٹی اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرتے ہوئے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ جب تک کشمیر (بھارت اور پاکستان کے درمیان) منقسم ہے، یہ اسی طرح رہے گا۔ ''ہم اسے (دراندازی کو) یہاں کنٹرول کرتے ہیں، وہ (پاکستان) اسے وہاں سے جاری رکھتے ہیں۔‘‘

سری نگر کے مضافات میں بھارتی سکیورٹی فورسز کے خلاف احتجاج اور ان پر پتھراؤ کرتے کشمیری نوجوان
سری نگر کے مضافات میں بھارتی سکیورٹی فورسز کے خلاف احتجاج اور ان پر پتھراؤ کرتے کشمیری نوجوانتصویر: Saqib Majeed/ZUMAPRESS/picture alliance

بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ سالوں میں تقریباً 720 عسکریت پسند مارے جا چکے ہیں۔ علاقائی فوج کے کمانڈر ایم وی سچندر کمار نے گزشتہ ماہ اکتوبر میں کہا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ 130 سے ​​بھی کم عسکریت پسند اب بھی لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

کشمیر: کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم سیاہ کیا ہے؟

ایک اور سکیورٹی اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان عسکریت پسندوں میں ''انتہائی تربیت یافتہ اور اچھی طرح سے مسلح‘‘ جنگجو بھی شامل ہیں، ''جو پاکستان سے آئے تھے۔‘‘ اس  اہلکار کا کہنا تھا، ''وہ اچانک حملوں سے کچھ نقصان پہنچا رہے ہیں لیکن صورتحال قابو میں ہے۔‘‘

ہوڈا، ایک جنرل کے طور پر اپنے طویل تجربے کی روشنی میں کہتے ہیں جب تک تشدد اسلام آباد کے ایجنڈے کو پورا کرتا ہے، کشمیر کے حالات میں صرف معمولی تبدیلی ہی کی پیش گوئی کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے حملوں کی تعداد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ''میں انہیں فوری طور پر کم ہوتے ہوئے نہیں دیکھ رہا۔ پاکستان نے ہمیشہ محسوس کیا ہے کہ ان حملوں کو تیز کرنے سے کشمیر کے مسئلے پر روشنی ڈالی جا سکتی ہے۔‘‘

ش ر⁄ م م (اے ایف پی)

کشمیر پر بات کیے بغیر ہی کیا بھارت اور پاکستان کے مابین مذاکراتی عمل شروع ہو سکے گا؟